پہلے دن ہی کہہ دیا تھا نہ وزیراعظم کا استعفیٰ ہو گا نہ ہی اسمبلیاں تحلیل ہوں گی: چودھری پرویزالٰہی

اس بات کی بھی کوئی ضمانت نہیں دی گئی تھی کہ کہ مذاکرات اور دھرنا ختم ہونے کے بعد ساری اپوزیشن حکومت کے حق میں بولنا شروع کر دے گی

نبی رحمت ﷺکی سیرت پر عمل کرتے ہوئے مخلوق خدا کو معاف کرنا سیکھیں اسی میں سب کی بھلائی ہے

حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، ملک کو معاشی بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے عمران خان کی زیرقیادت متفقہ حکمت عملی پر عمل کر رہے ہیں: مولانا عبدالغفور حیدری کے بیان پر تبصرہ

لاہور(23نومبر2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ مذاکرات میں استعفیٰ دینے کی کوئی بات نہیں کی گئی بلکہ پہلے دن ہی کہہ دیا تھا کہ نہ استعفیٰ ہو گا اور نہ ہی اسمبلیاں تحلیل ہوں گی۔ وہ جے یو آئی کے رہنماء مولا نا عبدالغفور حیدری کے بیان پر تبصرہ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور ملک کو معاشی بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی زیرقیادت متفقہ حکمت عملی پر عمل کر رہے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ یہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ ہے جس میں محسن کائنات اور نبی آخرالزمانﷺ اس دنیا میں تشریف لائے، ان کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے خلق خدا کو معاف کرنا سیکھنا چاہئے اسی میں سب کی بھلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کے درمیان حکومت کو بھی اس بات کی کوئی ضمانت نہیں دی گئی تھی کہ دھرنا ختم ہونے کے بعد تمام معاملات درست ہو جائیں گئے اور تمام اپوزیشن حکومت کے حق میں بولنا شروع کر دے گی۔

Share