پاکستانی سعودی عرب کی سرزمین سے خاص محبت کرتے ہیں: چودھری شجاعت حسین

روضہ رسول ﷺ کے کلید بردار شیخ نوری محمد علی کی چودھری برادران کی رہائش گاہ آمد، چودھری شجاعت حسین کی صحت کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی

چودھری برادران کا گھرانہ اسلامی تہذیب و تمدن کا گہوارہ ہے، پاکستان میں ہمیشہ عزت و احترام ملا ہے: شیخ نوری محمد علی

لاہور(09دسمبر2019) روضہ رسولﷺ کے کلید بردار شیخ نوری محمد علی نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین، صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر، راسخ الٰہی، محمد خان بھٹی، سینیٹر کامل علی آغا، چودھری سلیم بریار، ہمیش خان، عامر سعید راں، چودھری انصر گھمن، چودھری جاوید چٹھہ، احمد سعید، شیخ سعید محمد اور زبیر خان موجود تھے۔ کلید بردار شیخ نوری محمد علی نے چودھری شجاعت حسین کی صحت کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ عزت و احترام ملا ہے، جب بھی پاکستان آتا ہوں تو مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں اپنے گھر میں ہی ہوں، چودھری برادران کا گھرانہ اسلامی تہذیب و تمدن کا گہوارہ ہے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے بچوں کو اسلامی تعلیم دلوانے کیلئے خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کروائی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے شیخ نوری محمد علی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پاکستان اور ہمارے گھر آمد باعث برکت ہے، پاکستانی سعودی عرب کی سرزمین سے خاص محبت کر تے ہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے مشکل حالات میں مدد کی ہے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

Share