سابق صدر آصف زرداری سندھ کے نہیں پورے پاکستان کے صدر رہ چکے ہیں، قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جائیں: چودھری شجاعت حسین
December 10, 2019
Featured, News, Urdu News
272 Views
ان کی صحت کے ایشو کو صوبائیت کا رنگ نہ دیا جائے، پنجاب میں ٹرائل سے ایسے عناصر کو بات کرنے کا موقع ملتا ہے
لاہور(10دسمبر2019) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اسلام آباد سے لاہور آئے تو مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے ان کی صحت کے حوالے سے دریافت کیا۔ خصوصی طور پر روضہ رسولﷺ کے کلید بردار محمد علی نوری نے ان کے گھر آ کر ان کی صحت کیلئے خصوصی دعا کروائی۔ پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر محمد طارق حسن نے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے ان سے گلہ کیا کہ پنجابی وزیراعظم نوازشریف کی صحت کے متعلق جو باتیں کی جا رہی ہیں وہی سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے متعلق بھی ہیں، ان کے مقدمات پنجاب میں لا کر ٹرائل کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، ان کو بھی صحت کی وہی سہولیات ملنی چاہئیں جو پنجاب وزیراعظم کو ملی تھیں جس پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اس ایشو کو صوبائیت کا رنگ نہ دیا جائے، ایسا نہیں کہنا چاہئے، آصف علی زرداری سندھ کے نہیں پورے پاکستان کے صدر رہ چکے ہیں انہیں بھی وفاقی حکومت قانون کے مطابق سابق صدر پاکستان کی تمام سہولیات فراہم کرے تاکہ صوبائیت کا معاملہ زیادہ رنگ نہ پکڑ سکے، سندھ میں جو سابق صدر آصف علی زرداری پر مقدمات ہیں پنجاب میں ٹرائل کرنے سے ایسے عناصر کو بات کرنے کا موقع ملتا ہے۔
