ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے باہمی حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے: چودھری پرویزالٰہی

اس سلسلے میں پنجاب حکومت برطانوی ادارے ڈیفیڈ اور دیگر ڈونر ایجنسیوں سے مل کر کام کر سکتی ہے: سپیکر چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی سے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر آئیونا تھامس کی ملاقات

لاہور(10دسمبر2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے سے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر محترمہ آئیونا تھامس نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے عوامی رابطہ مہم کو مزید بہتر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے باہمی حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں پنجاب حکومت برطانوی ادارے ڈیفیڈ اور دیگر ڈونر ایجنسیوں سے مل کر کام کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور اتحادی جماعتیں مل کر پاکستان کو سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہیں، پاکستان میں جمہوری نظام مضبوط ہو رہا ہے، حکومت کی پالیسیوں کے باعث انشاء اللہ جلد ہی پاکستان کا مثبت امیج سامنے آئے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔

Share