قرآنی انسائیکلوپیڈیا ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ایک منفرد اور بہترین علمی کارنامہ ہے: چودھری پرویزالٰہی
December 28, 2019
Featured, News, Pictures, Urdu News
274 Views
سپیکر کو 8 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا تحفہ پیش کیا، پنجاب اسمبلی اور آواز فاؤنڈیشن پاکستان کے درمیان معاہدہ، ایم او یو کی پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور آواز فاؤنڈیشن کے سربراہ ضیاء الرحمن نے دستخط کیے
لاہور(28دسمبر2019)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ڈائریکٹر فارن افیئرز منہاج القرآن انٹرنیشنل جی ایم ملک نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی۔ جی ایم ملک نے چودھری پرویزالٰہی کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا 8جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا تحفہ پیش کیا۔ جی ایم ملک نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو بتایا کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا میں 20ہزار سے زائد موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملت اسلامیہ کیلئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، تحقیقی خدمات ناقابل فراموش ہیں، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے، انہوں نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا تحفہ پیش کرنے پر جی ایم ملک کا شکریہ ادا کیا، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت اور درازی عمر کیلئے دعا کی۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈائریکٹر جنرل ریسرچ عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔ بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی سے چیئرمین کمیٹی پنجاب اسمبلی میاں شفیع محمد اور سربراہ آواز فاؤنڈیشن ضیاء الرحمن کی قیادت میں وفد نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہے، جہالت، پسماندگی اور غربت کے خاتمے اور عوام کو صحت، تعلیم و دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمیں دن رات محنت کرنا ہو گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے آواز فاؤنڈیشن پاکستان کی تعلیم کے میدان میں خدمات کو سراہا اور یاد دلایا کہ جنوبی پنجاب میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے وظیفہ بھی انہوں نے ہی اپنی وزارت اعلیٰ کے دور میں شروع کیا تھا۔ اس موقع پر ضیاء الرحمن نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب مفت تعلیم اور کتابوں کے پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج تک ایسا کوئی دوسرا پروجیکٹ شروع نہیں کیا جا سکا۔ سپیکر نے پنجاب اسمبلی اور آواز فاؤنڈیشن پاکستان کے درمیان ایک ایم او یو کی بھی منظور دی جس کے تحت صوبائی اسمبلی کے ارکان کو تعلیم، صحت اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے قانون سازی اور پالیسی کی آگاہی کی تربیت دی جائے گی۔ اس معاہدہ پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور آواز فاؤنڈیشن کے سربراہ ضیاء الرحمن نے دستخط کیے۔

