ہم سب کی شناخت پاکستان ہے، بھارت اور پاکستان کے مسلمانوں کا موازنہ نہ کریں، آج بھارت میں دوقومی نظریہ کھل کر سامنے آ گیا: چودھری پرویزالٰہی

حکومت کو چاہئے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو سہولتیں فراہم کریں، وہ رکاوٹیں دور کریں جو شہبازشریف نے کھڑی کیں

جگہ جگہ حکومت کا سرخ فیتہ سامنے نہیں ہونا چاہئے گذشتہ دس سالوں میں ن لیگ نے ہر کام میں رکاوٹ ڈالی: یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا کی سالانہ تقسیم اسناد کے موقع پر گفتگو

لاہور(31دسمبر2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا کی سالانہ تقسیم اسناد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایجوکیشن سیکٹر میں پرائیویٹ شعبہ اپنی خدمات پیش کر رہاہے، ڈگری لینے کے بعد اصل مرحلہ پریکٹیکل لائف میں کامیابی کیلئے عملی اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی شناخت پاکستان ہے، بھارت اور پاکستان کے مسلمانوں کا موازنہ مت کریں آج بھارت میں دو قومی نظریہ کھل کر سامنے آ گیا ہے، پاکستان واحد اسلامی نیوکلیئر سٹیٹ ہے، ہمارا ایٹمی پروگرام بھارت سے بہت زیادہ بہتر اور محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ پرائیویٹ سیکٹر میں سہولتیں فراہم کریں اور وہ رکاوٹیں دور کریں جو شہبازشریف نے کھڑی کی ہیں، جگہ جگہ حکومت کا سرخ فیتہ سامنے نہیں ہونا چاہئے، گذشتہ دس سالوں میں ن لیگ کی حکومت نے ہر کام میں رکاوٹ ڈالی، بطور وزیراعلیٰ سیالکوٹ موٹروے کے پاس دو بین الاقوامی یونیورسٹیاں بنا رہے تھے لیکن بعد میں آنے والی حکومت نے وہ منصوبے بند کر دئیے جس کی وجہ سے وہ یونیورسٹیاں بھارت منتقل ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 1122 سروس شروع کی جو آج ملک کی سب سے اچھی ایمرجنسی سروس ہے، ہم سب کو اپنے ملک سے محبت کرنی چاہئے، آج جو کچھ بھارت میں ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، قائداعظم نے جو دوقومی نظریہ پیش کیا تھا وہ درست ثابت ہوا، آج مودی بھارت میں جو کچھ کر رہا ہے اسے قائداعظم اور ہمارے بڑوں نے بھانپ لیا تھا۔ اس موقع پر چیئرمین یونیورسٹی محمود صادق، وائس چیئرمین میاں عمران مسعود نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، سینیٹر کامل علی آغا، ایرانی قونصل جنرل رضا ناظری، چودھری سلیم بریار، پروفیسر شفقت علی بیگ، پروفیسر راحت حسین بخاری، پروفیسر احسان ملک، پروفیسر ڈاکٹر فضل الٰہی، میڈم عظمیٰ، میڈم حنا صادق، نعمان صادق، پروفیسر اکرم چودھری اور پروفیسر ایوب غوری بھی موجود تھی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کامیاب طلبہ میں میڈل اور شیلڈیں تقسیم کیں۔ اس موقع پر چیئرمین یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا محمود صادق نے چودھری پرویزالٰہی کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔

Share