آرمی ایکٹ فوج کیلئے نہیں حکومت اور اپوزیشن نے ملکی مفادات میں پاس کیا: چودھری شجاعت حسین
January 11, 2020
Featured, News, Urdu News
257 Views
پارلیمنٹ میں غیر ملکی عناصر کے آلہ کاروں کی موجودگی افسوسناک ہے، امید ہے آئندہ بھی قومی مفاد میں ایسی ہی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا جائے گا
لاہور(11جنوری2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ پارلیمنٹ نے فوج کیلئے پاس نہیں کیا بلکہ یہ حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ملکی مفادات کو اہمیت دینے کی خواہشات کا مظہر ہے۔ انہوں نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ آرمی ایکٹ کے پاس ہونے پر عام طور پر خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ایکٹ پارلیمنٹ نے فوج کیلئے پاس کیا ہے حقیقت اس کے برعکس ہے، یہ پوری گورنمنٹ اور اپوزیشن کی ان خواہشات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ زیر غور آنے والی ہر پروپوزل میں ملکی مفادات کو مد نظر رکھیں اور اس پر اپنے ذاتی مفادات یا مخالفت برائے مخالفت کو اہمیت نہ دیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آخر کار یہ فیصلہ کرنا پڑے گا کہ ملک کو تباہ ہونے دیا جائے یا بچایا جائے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ پارلیمنٹ میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو غیر ملکی عناصر کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ پر حکومت اور اپوزیشن دونوں میں ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے اور مجھے امید ہے کہ قومی مفاد میں ہر ایکٹ پر اسی طرح ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا جائے گا خواہ وہ اپوزیشن کی جانب سے پیش کیا جائے یا حکومت کی جانب سے۔
