سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کی تحریک استحقاق پر اپوزیشن اور حکومت کی پرزور تائید پر رولنگ، آئی جی پنجاب کوفوری طلب کرلیا
January 27, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
264 Views
یہ کسی کی ذات کامسئلہ نہیں ایوان کے تقدس کامعاملہ ہے، جب تک اس کا فیصلہ نہیں ہوگا اس وقت تک اجلاس کی کارروائی رکی رہے گی: چودھری پرویزالٰہی
آئے روز پولیس کے نامناسب رویے کی شکایتوں کے خلاف حکومت اور اپوزیشن سمیت پورا ہاؤس یکجا ہو گیا
لاہور(27جنوری2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے رواں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی تحریک استحقاق، جس میں ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ ”وہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں چیف منسٹر پنجاب سے ملنے گئے تھے جہاں پولیس اہلکاروں نے ان کے ساتھ انتہائی نامناسب رویہ اختیار کیا“ پر حکومت اور اپوزیشن کی پرزور تائید پر رولنگ دیتے ہوئے آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کوفوری طلب کرلیا۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے اپنی سربراہی میں ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری، وزیر قانون محمد بشارت راجہ اور اپوزیشن کے رکن ملک ندیم کامران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جو ڈپٹی سپیکر سمیت حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے ساتھ آئے روز پولیس کے نامناسب رویے کی شکایتوں کے خلاف پولیس اہلکاروں کی سزا اور کارروائی کا تعین کرے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ کسی کی ذات کامسئلہ نہیں ایوان کے تقدس کامعاملہ ہے۔ انہوں نے اسمبلی اجلاس کی کارروائی فوری طور پر روک دی اور ایک گھنٹے کے اندرآئی جی پنجاب کو کمیٹی میں طلب کیا جس پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب انعام غنی کمیٹی نے پیش ہو کر بتایا کہ آئی جی پنجاب کام کے سلسلے میں اسلام آباد میں موجود ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو کل دو پہر ڈیڑھ بجے طلب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا اس وقت تک اجلاس کی کارروائی نہیں چلے گی، اسمبلی اجلاس کمیٹی کے حتمی فیصلے تک رکا رہے گا اور فیصلہ آنے پر اجلاس دوبارہ شروع ہو گا۔

