ڈپٹی سپیکر والے واقعہ کی ویڈیو منگوا رہے ہیں جس کا قصور ہو گا اس کو سزا دی جائے گی: چودھری پرویزالٰہی
آپ کمیٹی کے سربراہ ہیں جو فیصلہ کریں گے اسے من و عن تسلیم کریں گے: آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی یقین دہانی
لاہور(28جنوری2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی سربراہی میں ڈپٹی سپیکر سردار دوست مزاری اور دیگر حکومتی و اپوزیشن ارکان سے پولیس اہلکاروں کی بدسلوکی کے معاملہ پر قائم کمیٹی میں آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر پیش ہوئے۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری، وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ، اپوزیشن رکن ملک ندیم کامران اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ میٹنگ کے بعد اسمبلی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی پاکستان کا سب سے بڑا ایوان ہے، سب سے پہلے ہمیں اس مقدس ایوان کی عزت مطلوب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں انہیں کا نام رہتا ہے جو اس ایوان کی عزت اور وقار بلند کرنے میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کمیٹی کے اجلاس میں آئی جی پنجاب پولیس سے حکومتی اور اپوزیشن ممبران کے استحقاق کے حوالے سے تمام ایشوز پر بات ہوئی، انہوں نے آئی جی پنجاب کو آگاہ کر دیا ہے کہ استحقاق کمیٹی معمولی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈپٹی سپیکر والے واقعہ کی ویڈیو منگوا رہے ہیں، جس کا قصور ہو گا اس کو سزا دی جائے گی۔ آئی جی پنجاب پولیس نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو یقین دہانی کروائی کہ آپ کمیٹی کے سربراہ ہیں آپ جو فیصلہ کریں گے اسے من و عن تسلیم کریں گے۔