پاک جرمن تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی چنگل سے آزادی کیلئے نوجوان کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: سپیکر پنجاب اسمبلی
لاہور(30جنوری2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے جرمنی کے اعزازی قونصلر ڈاکٹر پینٹیلس کرسچین پوئٹس نے وفد کے ہمراہ یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں لائف فنڈ ایکویٹی انویسٹ کی منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ پٹریشیا پوئٹس ور ماریشس کے اعزازی قونصلر شاہد سیٹھی شامل تھے۔ ملاقات میں پاک جرمن تعلقات، خطہ کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے، جرمن کمپنیوں کو یہاں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنی چاہئے، پاک جرمن تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں، باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے عوام میں رابطہ مہم کو فروغ دینا چاہئے، پاکستان میں بین الاقوامی کمپنیاں بزنس کرنے میں دلچسپی لے رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ فیصل آباد گارمنٹس سٹی، لاہور سندر انڈسٹریل اسٹیٹ، ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ میں غیر ملکی کمپنیوں نے اپنے یونٹ لگا رکھے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں بھارتی چنگل سے آزادی کیلئے نوجوان کشمیری جو قربانیاں دے رہے ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی اور بھارت کو وہاں سے بھاگنا پڑے گا۔ ڈاکٹر پوئٹس نے کہا کہ میں نو سال سے پاکستان میں فرائض سرانجام دے رہا ہوں اور آزادانہ طور پر پورے پاکستان میں آتا جاتا ہوں، جرمن کمپنیاں پاکستان میں باالخصوص پاور کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں اس سلسلے میں کچھ کمپنیوں نے لاہور اور فیصل آباد میں سروے بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان سمیت خطے کی ترقی کا ضامن بنا دیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعاون سے سی پیک کا منصوبہ نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ خطہ کے دیگر ممالک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
______
سپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چودھری لیاقت بھدر ایم پی اے کی ملاقات، بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت
چودھری سلیم بریار کارکنوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کریں، کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں: چودھری پرویزالٰہی، حسین الٰہی ایم این اے بھی ملاقات میں موجود تھے
لاہور(30جنوری2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری لیاقت علی بھدر نے ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے ان کے بھائی چودھری اسلم بھدر کی وفات پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چودھری حسین الٰہی ایم این اے اور سینئر نائب صدر پنجاب چودھری سلیم بریار بھی موجود تھے۔ چودھری سلیم بریار نے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو گذشتہ دنوں مسلم لیگی کارکن عثمان شیخ کے قتل کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے سلیم بریار کو ہدایت کی کہ وہ کارکنوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کریں، کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، پارٹی کارکنوں کی سرپرستی ہم پر لازم ہے۔