عمران خان اتحادیوں پر اعتماد کریں اور فسادیوں سے دور رہیں: چودھری شجاعت حسین کا مشورہ

عمران خان کو ”ٹیں کا درس“ دینے والے اتحادیوں سے محبت اور فسادیوں سے دوری کا سبق دیں

فسادیوں نے ہر دور میں نفرت اور انتشار کی سیاست کی، اپنی اپنی نہیں بلکہ پاکستان کی بولی بولیں: صحافیوں سے گفتگو

لاہور(06فروری2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے عمرہ ادائیگی پر روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ اتحادیوں پر اعتماد کریں اور فسادیوں سے دور رہیں، عمران خان کو ”ٹیں کا درس“ دینے والے اتحادیوں سے محبت اور فسادیوں سے دوری کا سبق دیں، فسادیوں نے ہر دور میں نفرت اور انتشار کی سیاست کی، اپنی اپنی نہیں بلکہ پاکستان کی بولی بولیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے ساتھ اتحاد بغیر کسی لالچ کے ملک و قوم کے مفاد میں کیا، اس پر قائم ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تین مرتبہ مجھے خانہ کعبہ کے اندر جانے کی سعادت نصیب فرمائی، اپنی معافی کے علاوہ کبھی اپنے لیے دعا نہیں کی، اب بھی انشاء اللہ عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کروں گا۔ انہوں نے اس سوال پر کہ عمران خان کیلئے بھی دعا کریں گے پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں فسادیوں کے نرغے سے دور رکھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خانہ کعبہ کے اندر بھی عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی اور اس مرتبہ بھی عوام اور باالخصوص ان لوگوں کیلئے دعا کروں گا جنہوں نے اپنے نام کے ساتھ دعا کی درخواست کی ہے۔ چودھری ممتاز بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

Share