عمران خان کے اتحادی ہیں، چاہتے ہیں حکومت پانچ سال پورے کرے: چودھری شجاعت حسین

پاکستان، کشمیر اور عمران خان کی حکومت کیلئے روضہ رسولﷺ پر خصوصی دعا بھی کی

عمران خان کو کیا مشورہ دینا ہے یہ پاکستان واپس جا کر انہیں بتاؤں گا، انشاء اللہ بہت جلد پاکستان معاشی بحران سے نکل آئے گا: مدینہ منورہ میں میڈیا سے گفتگو

لاہور(12فروری2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین عمرہ کی ادائیگی کے بعد روضہ رسولﷺ پر حاضری کیلئے مدینہ منورہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے ملک کی سلامتی اور کشمیریوں کیلئے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر صدر مسلم لیگ سعودی عرب چودھری اظہر وڑائچ اور چودھری ممتاز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم عمران خان کی حکومت کے اتحادی ہیں اور چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی مدت پانچ سال پوری کرے، اس لیے پاکستان اور عمران خان کی حکومت کیلئے خصوصی طور پر دعا کی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کیا مشورہ دینا ہے یہ پاکستان واپس جا کر انہیں بتاؤں گا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان بڑا خوبصورت اور امن و بھائی چارے کے کلچر کو فروغ دینے والا ملک ہے، مجھے پوری امید ہے کہ انشاء اللہ بہت جلد پاکستان معاشی بحران سے نکل آئے گا۔

Share