عوام تکلیف میں ہوں تو سیاسی جماعتوں کو حل کیلئے مثبت سوچ کے ساتھ آگے آنا چاہئے: چودھری پرویزالٰہی
February 13, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
288 Views
صرف 2 ووٹوں کے فرق کے باوجود پنجاب اسمبلی میں ریکارڈ قانون سازی کی، بلدیاتی ادارے مہنگائی سمیت تمام عوامی مشکلات کو کنٹرول کر سکتے ہیں، بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے
عمران خان نیک نیت اور ملک کا درد رکھتے ہیں، پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ اکٹھی چل رہی ہیں: سرگودھا میں شاندار استقبال کے بعد چیمہ ہاؤس میں خطاب
لاہور/سرگودھا(13فروری2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے سرگودھا میں چیمہ ہاؤس میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوام تکلیف میں ہوں تو سیاسی جماعتوں کو اس کے حل کے لئے مثبت سوچ کے ساتھ آگے آنا چاہیے، سیاست کے لئے بہت مواقع آتے رہتے ہیں، ملک سب کا ہے کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں، ملکی مفاد پر سیاسی جماعتوں میں تقسیم نہیں ہونی چاہئے، کم از کم ایک ایجنڈا ایسا ہونا چاہیے جس پر تمام جماعتوں کا اتفاق ہو، بلدیاتی ادارے مہنگائی سمیت تمام عوامی مشکلات کو کنٹرول کر سکتے ہیں، بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، سرگودھا سے تنزیلہ بی بی ہماری امیدوارہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے جب ہمارا اتحاد ہوا تو عمران خان نے مجھے کہا کہ ہمارا اور اپوزیشن کا صرف دو سیٹوں کا فرق ہے آپ اسے سنبھال لیں گے، میں نے کہا کہ آپ پریشان نہ ہوں میں اپنے تجربے کے تحت سب دیکھ لوں گا، آج آپ دیکھ لیں کہ ہم نے صرف دو ووٹوں کے فرق کے باوجود پنجاب اسمبلی میں ریکارڈ قانون سازی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بلدیاتی نظام بڑا طاقتور تھا، ضلع ناظم کو ہم نے پوری طرح با اختیار بنایا تھا، بلدیاتی ادارے ہوتے تو مہنگائی کے اس طوفان کو فوراً کنٹرول کر لیتے، بلدیاتی ادارے ہی عوام کی مشکلات کو حل کر سکتے ہیں، عمران خان نیک نیت ہیں ملک کیلئے درد رکھتے ہیں لیکن مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہر جماعت اس وقت سیاست کر رہی ہے ملک اور غریب آدمی کا کچھ نہیں سوچ رہی، ملکی مفاد میں تمام جماعتوں کو اپنے اپنے مفادات پس پشت ڈالتے ہوئے پاکستان اور غریب عوام کیلئے مثبت تجاویز دینی چاہئیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں معیشت کو اوپر لے کر جانا ہے، پاکستان کو مستحکم سطح پر لانا ہے، بطور وزیراعلیٰ میرے دور میں جی ڈی پی گروتھ ریٹ 8.5 تک چلا گیا تھا، میں نے ہمیشہ اپنے سیاسی دشمنوں کی تنقید کو مثبت طور پر لیا ہے، سیاست میں انا کو دفن کر دینا چاہئے اور ملک کا سوچنا چاہئے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہماری جماعت سپورٹ کر رہی ہے، قومی اور صوبائی سطح پر حکومت کو ڈیلیور کرنے میں جن مشکلات کا سامنا ہے ان پر ہم تجاویز دیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بہت بہتری آئی ہے، تمام ارکان اسمبلی کو صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنا ہو گا تاکہ اسمبلی کا وقار بڑھے، اس سلسلے میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ایوان اچھے انداز میں چلے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے راز فاش کرنے والی بات آپ سے کہی ہوگی مجھ سے تو نہیں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ہماری جماعت اکٹھے چل رہی ہے اس لیے دونوں جماعتوں کا مستقبل بھی اکٹھا ہے۔ اس موقع پر تنزیلہ عامر چیمہ نے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ کے کارکنوں اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں چودھری پرویزالٰہی کو قصر سلطان آمد پر خوش آمدید کہتی ہوں، بطوروزیراعلیٰ پنجاب انہوں نے سرگودھا کو مثالی شہر بنایا، 1122، میڈیکل کالج، پکی سڑکیں پکے کھالے بنا کر سرگودھا کی ترقی میں اضافہ کیا، چودھری پرویزالٰہی ہمارے سر پر دست شفقت رکھیں، ہم پہلے بھی ان کے ساتھ تھے آج بھی ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے سرگودھا کے صحافیوں کیلئے کالونی کا مطالبہ بھی کیا۔ سٹیج پر وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، سینیٹر کامل علی آغا، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، حسین الٰہی، عامر سلطان چیمہ، منیب چیمہ، صوبائی وزراء حافظ عمار یاسر، باؤ رضوان، سٹی صدر ملک شکیل سکندر، سرفراز گوندل اور دیگر رہنما موجود تھے۔ قبل ازیں چودھری پرویزالٰہی جب سرگودھا پہنچے تو سٹی صدر مسلم لیگ ملک شکیل سکندر اور کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی زندہ باد کے نعرے لگائے، پھولوں کے ہار پہنائے اور پتیاں نچھاور کیں۔ چیمہ ہاؤس پہنچنے پر عامر سلطان چیمہ نے چودھری پرویزالٰہی کا استقبال کیا اور چودھری پرویزالٰہی کا ہاتھ اٹھا کر یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ پورے شہر میں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کے بڑے بڑے فلیکسز آویزاں تھے۔

