چودھری ظہورالٰہی شہید کے خوابوں کو تعبیر مل گئی، میرٹ پر ٹیم منتخب کی: چودھری شافع حسین
February 20, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
433 Views
کبڈی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں چودھری شافع حسین کا ظہرانہ، انعامات تقسیم کیے
پاکستان میں کبڈی ورلڈ کروانا ایک خواب تھا، تعاون کرنے پر فاطمہ فرٹیلائزرز، دیگر کمپنیوں، ایم سی سی کرکٹ ٹیم اور آفیشل جاوید بٹ کا شکر گزار ہوں: ظہرانے سے خطاب
لاہور(20فروری2020) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین نے کبڈی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم اور آفیشلز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا اور انعامی رقم تقسیم کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کبڈی کا ورلڈ کروانا ایک خواب تھاجو ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا، آج چودھری ظہورالٰہی شہید کے خواب کو تعبیر مل گئی۔ انہوں نے ٹیم اورآفیشلز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ٹیم میں کھلاڑی شامل کروانے والوں کے بہت فون آئے، مجھ پر بڑا دباؤ تھا لیکن میں نے کسی کی سفارش نہیں سنی اور سختی سے ٹیم آفیشلز کو کہا کہ ٹیم میں تمام کھلاڑی میرٹ پر شامل ہوں، یہی وجہ ہے کہ میرٹ پر ٹیم منتخب ہوئی اور اس نے ہمیں ورلڈ کپ جیت کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہترین کھلاڑی ٹیم کا حصہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی شہید کو کبڈی سے بڑا لگاؤ تھا جب پاکستان کی پہلی کبڈی ٹیم کینیڈا گئی تو اس کا سارا خرچہ انہوں نے اپنی جیب سے برداشت کیا۔ چودھری شافع حسین نے کبڈی ورلڈ کپ کیلئے تعاون کرنے پر فاطمہ گروپ کے مبین احمد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر ایم سی سی کرکٹ ٹیم کے آفیشل جاوید بٹ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹیم کے ہمراہ کبڈی کے فروغ کیلئے ایم سی سی ٹیم کے ہمراہ کبڈی کا فائنل دیکھا۔ بعد ازاں کبڈی ورلڈ کپ جیتے والی ٹیم کے کھلاڑیوں عرفان جٹ، شفیق احمد چشتی، بنیامین ملک، توصیف علی وڑائچ، قمر زمان بٹ، ظفر اقبال چیمہ، ارسلان محمود، محمد نفیس، ماجد علی، کلیم اللہ، اکمل شہزاد ڈوگر، محمد سجاد، بلال بھٹی، وقاص احمد بٹ، مشرف جاوید، عبید اللہ کمبوہ، شہرام ساجد، راشد محمود ملک، محمد ذوالقرنین، خالد بھٹی، طاہر وحید جٹ کوچ، شہزاد حنیف، محمد عامر اور عبد الرزاق گل میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔

