پاک ایران تعلقات دن بدن مزید مستحکم ہو رہے ہیں: چودھری پرویزالٰہی سے ایرانی سفیر کی ملاقات

سفیر سید محمد علی کے ہمراہ قونصل جنرل رضا نظیری اور دیگر سفارتکار بھی تھے، سپیکر نے پنجاب اسمبلی کی ورکنگ اور کارکردگی سے آگاہ کیا

لاہور(25فروری2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی۔ لاہور میں ایرانی قونصل جنرل محمد رضا نظیری اور ایرانی سفارتخانے کے دیگر آفیسرز بھی معزز مہمان کے ہمراہ تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان اور ایران مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں اسلامی ملکوں کے برادرانہ تعلقات ہر آنے والے دن میں مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات حکومت کی سطح پر ہی نہیں بلکہ عوامی سطح پر بھی ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کر کے معاشی محاذ پر بھی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے ایرانی سفارتکاروں کو پنجاب اسمبلی کی ورکنگ، مفاد عامہ میں کئے گئے اقدامات اور قانون سازی بارے آگاہ کیا۔

Share