چودھری پرویزالٰہی سے نومنتخب صدر لاہور ہائیکورٹ بار طاہر نصراللہ وڑائچ اور دیگر عہدیداروں کی ملاقات
March 2, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
217 Views
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت بھی موجود تھے، وکلاء نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کیلئے کام کیا ہے: قائم مقام گورنر
چودھری پرویزالٰہی نے وکلاء برادری کی فلاح و بہبود اور عوام کو فوری سستے انصاف کی فراہمی کیلئے مثالی کام کیے: عہدیدار بار
لاہور(02مارچ2020) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے نومنتخب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن چودھری طاہر نصر اللہ وڑائچ نے وفد کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں نائب صدر بیرسٹر سعید حسن ناگرہ، سیکرٹری ہارون دوگل، فنانس سیکرٹری ذیشان سلہریا اور دیگر رہنما شامل تھے جبکہ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ اور سینئر نائب صدر مسلم لیگ پنجاب چودھری سلیم بریار بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے نومنتخب عہدیداروں کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کیلئے کام کیا ہے اور پاکستان مسلم لیگ نے وکلاء کے مسائل کے حل اور عوام کو فوری و سستے انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کھل کر ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لاہور بار کے نومنتخب عہدیدار معاشرے کی اصلاح میں فعال کردار ادا کریں گے اور وکلاء برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ وکلاء کے منتخب نمائندوں نے بطور وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے وکلاء برادری کی فلاح و بہبود اور عوام کو فوری و سستے انصاف کی فراہمی کے علاوہ مجرموں کو عدالتوں کے ذریعہ کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کئے گئے مثالی اقدامات کی تعریف کی۔ طاہر نصر اللہ وڑائچ نے مطالبہ کیا کہ لاہور ہائیکورٹ میں وکلاء اور سائلین کیلئے پارکنگ کا بڑا مسئلہ ہے لہٰذا پارکنگ پلازہ اور ہسپتال تعمیر کروایا جائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے یقین دہانی کروائی کہ صوبائی وزیر قانون کے ساتھ مشاورت کر کے پنجاب حکومت سے پارکنگ پلازہ اور ہسپتال کی تعمیر کے سلسلہ میں بات کریں گے۔

