حکومتی اقدامات کے نتیجے میں اشیائے ضرور یہ کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے: چودھری پرویزالٰہی
March 3, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
292 Views
قائم مقام گورنر چودھری پرویزالٰہی سے وزیر قانون راجہ بشارت کی ملاقات، پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں ایجنڈے پر دونوں رہنماؤں کی مشاورت اور قانون سازی پر تبادلہ خیال
لاہور(02مارچ2020) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے 9مارچ کوتجویز کردہ اجلاس میں ایجنڈے پر دونوں رہنماؤں کی مشاورت اور قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام گورنر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں اشیائے ضرور یہ کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے، وفاق اور پنجاب کی اتحادی حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، تمام اپوزیشن عوامی مفاد کے منصوبوں میں حکومت کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی اور مظالم قابل مذمت اور شرمناک ہیں، ایران اور دنیا کے دیگر ممالک کا بھارتی حکومت کے اقدامات کے خلاف ردعمل اہم ہے، عالمی برادری مودی حکومت کو بھارت اور کشمیر میں بسنے والے مسلمانوں کے خلاف مظالم سے روکے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ نریندر مودی گجرات کے بعد دہلی میں ظلم کی نئی تاریخ رقم کر رہا ہے، حکومت پاکستان بھرپور انداز سے بھارتی مظالم کو بے نقاب کررہی ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے چودھری پرویزالٰہی سے اورنج لائن کے کرائے پر ایوان میں بحث پر بھی مشاورت کی۔ انہوں نے کہاکہ اجلاس میں اورنج لائن کے کرائے پر تمام جماعتوں کی ان پٹ لیں گے اور تمام سیاسی جماعتوں کے مشورے کھلے دل سے سنیں گے۔

