چودھری پرویزالٰہی سے برطانوی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری کی ملاقات، پارلیمانی وفودکے تبادلہ پر اتفاق
March 9, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
208 Views
دونوں ملکوں میں تجارتی حجم دگنا ہونا چاہئے، برطانیہ اپنی منڈیاں مزید اوپن کرے اور کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے بچانے کیلئے کردار ادا کرے: سپیکر پنجاب اسمبلی
لاہور(09مارچ2020) سپیکر پنجاب اسمبلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے برطانوی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری مسٹر ٹام ڈی فونبلانکو کی ملاقات میں دونوں ممالک میں ارکان پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلہ پر اتفاق کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، حکومت پنجاب کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ اور ڈی جی پارلیمانی امور پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک بھی ملاقات میں موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے برطانوی ہائی کمیشن کے فرنٹ سیکرٹری اور داخلی سیاسی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستانی پارلیمنٹرینز کی کیپسٹی بلڈنگ میں برطانوی فرنٹ سیکرٹری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی اور عوامی حقوق کی آگاہی کے حوالے سے برطانیہ دوسرے ممالک کیلئے مثال ہے، پاکستان اور برطانیہ کا مثبت امیج اجاگر کرنے کیلئے دونوں ملکوں کے پارلیمنٹرینز کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ برطانوی ہائی کمیشن کے پاکستانی پارلیمنٹرینز کے وفود کو برطانیہ بلانے میں دلچسپی کے اظہار پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے پارلیمنٹرینز کو قانون ساز اداروں کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے، پاکستان برطانوی پارلیمنٹرینز کو خوش آمدید کہے گا، دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات جڑے ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہم برطانیہ اور پاکستان میں تجارتی حجم کو دگنا کرنا چاہتے ہیں، پاکستانی برآمدات میں اضافے کیلئے برطانیہ اپنی منڈیاں مزید اوپن کرے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر کہا کہ بھارت انسانی تاریخ کا بدترین ظلم کر رہاہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال پر عالمی برادری خصوصاً برطانیہ اپنا کردار ادا کرے، کشمیر میں بھارت کے ظلم جبر سے نیا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

