امن و امان قائم کرنے میں پاک فوج، اداروں اور عوام نے اپنا اپنا رول ادا کیا: چودھری شجاعت حسین

اوورسیزپاکستانی قابل قدر ہیں، غیر ملکی کمپنیاں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں، پی ایس ایل محفوظ ملک ہونے کی بڑی مثال ہے

لاہور(11مارچ2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ پنجاب چودھری سلیم بریار نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے آمنہ الفت اور نعیم طاہر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال خصوصاً پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری سلیم بریار نے اپنے دورہ امریکہ اور لندن کی رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے ملک کا قابل قدر اثاثہ ہیں جو بیرون ملک سے زرمبادلہ پاکستان بھیج کر ملک کی اہم خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد اس کی سب سے بڑی مثال ہے، غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے دلچسپی لے رہی ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات دن بدن بہتر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج اور عوام نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے وطن عزیز کو محفوظ ملک بنانے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے، آج ہمارا سبز ہلالی پرچم امن کی نشانی بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان قائم کرنے میں پاک فوج، اداروں اور عوام نے اپنا اپنا حصہ ڈالا ہے، آج کا پاکستان پہلے سے بہت محفوظ ہے۔

___________________________________________

چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کا ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی شہادت پر دکھ کا اظہار

لاہور(11مارچ2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے اسلام آباد میں طیارہ کے حادثہ میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی شہادت پر نہایت دکھ کااظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے اس سپوت پر فخر ہے، ہم اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور شہید کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کیلئے صبر کی دعا کرتے ہیں۔

Share