دو مرتبہ ن لیگی ٹکٹ ہولڈر این اے 68 چودھری تنویر احمد گوندل اور چودھری بشیر احمد گوندل ٹکٹ ہولڈر ایم پی اے کی چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات، پارٹی میں شمولیت

سب سے پہلے اللہ تعالیٰ سے توبہ استغفار کریں، کورونا وائرس سے پاکستان سمیت تمام عالم کو اللہ تعالیٰ محفوظ رکھے، چودھری پرویزالٰہی نے عالمی وبا کورونا وائرس سے حفاظت کیلئے دعا کروائی

لاہور(17مارچ2020) سپیکر پنجاب اسمبلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور حسین الٰہی ایم این اے سے این اے 68 سے ن لیگی ٹکٹ ہولڈر چودھری تنویر احمد گوندل جنہوں نے چودھری وجاہت حسین کے مقابلے میں دو مرتبہ الیکشن لڑا، ٹکٹ ہولڈر پنجاب اسمبلی چودھری شبیر احمد گوندل نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں ساتھیوں سمیت شمولیت کا اعلان کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے پارٹی میں شامل ہونے والی شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد ہم سیاسی جوڑ توڑ میں مزید سرپرائز دیں گے، ن لیگ کے اوربھی رہنما ہم سے رابطے میں ہیں، شہبازشریف نے 10 سالوں میں سوائے رکاوٹیں کھڑی کرنے کے اورکوئی کام نہیں کیا، ہر فلاحی کام میں رکاوٹیں کھڑی کر کے صوبے کو مفلوج کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل جل کر دوبارہ فلاحی کاموں کو شروع کرنا ہے، ہماری جماعت تحریک انصاف کے ساتھ حکومت میں اتحادی ہے، ہم حکومت کو ہر محاذ پر بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حسین الٰہی نے اپنے حلقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے، ہم گجرات میں سوئی گیس کی فراہمی، جلالپور جٹاں، ٹانڈہ اور کڑیانوالہ میں 1122 کے سنٹر کا قیام اور تنگ گلیوں میں موٹر سائیکل ایمبولینس سروس شروع کر رہے ہیں۔ بعد ازاں چودھری پرویزالٰہی نے عالمی وبا کورونا وائرس سے حفاظت کیلئے اجتماعی دعا بھی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کے حضوراستغفار کریں، پاکستان بھی اس وبا کی زد میں آ گیا ہے، پاکستان میں ہر مسلک کے علماء اور اقلیتی مذہبی رہنما سب مل کر اس وبا سے نجات کیلئے اجتماعی دعا کریں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور تمام عالم کو اس وبا سے محفوظ رکھے۔ اس موقع پر چودھری امجد گوندل، ارکان پنجاب اسمبلی عبد اللہ یوسف، شجاعت نواز اجنالہ، سابق نائب ناظم سعادت نواز اجنالہ، خالد اصغر گھرال، حاجی سلیم کوکھر، ملک امتیاز احمد گوگا، سید محسن علی خان، سید ہاشم علی شاہ، سید ابو الحسن شاہ، صاحبزادہ قربان افضل، سجاد اقبال بٹ، چودھری مقصود، چودھری رضی مہر، چودھری منیر احمد، چودھری عارف نمبردار، چودھری ارشد بھٹی، ملک محمد نعیم، چودھری گل شہزاد وڑائچ، میر ثاقب اور مرزا عثمان سمیت دیگر سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔

Share