کورونا وائرس وارننگ ہے، ایٹم بم، میزائل اور سپرپاور بے بس ہیں، اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں: چودھری شجاعت حسین
March 22, 2020
Featured, News, Urdu News
168 Views
ہم نے اپنے اعمال ٹھیک نہ کئے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، تمام مکاتب فکر اس مسئلہ پر یکجا ہوجائیں
لاہور(22مارچ2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک چھوٹی سی وارننگ ہے، اللہ تعالیٰ کے اس عذاب کے سامنے انسان کے بنائے ہوئے ایٹم بم، میزائل جن سے دنیا ڈرتی ہے اور سپرپاور سب اس کے سامنے بے بس ہیں، اللہ تعالیٰ کے اس عذاب نے ثابت کر دیا ہے کہ کسی ہتھیار کے بغیر بھی دنیا ختم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ سب سے ضروری ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں اور تمام مکاتب فکر کو اس معاملے میں یکجا ہونا چاہئے، اس وقت لوگوں کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا خاص طور پر مسلمانوں سے اپیل کرنی چاہئے کہ وہ راہِ راست پر آ جائیں اور بھول جائیں کہ کسی سپرپاور کا کوئی ایٹم بم یا میزائل انہیں کورونا سے بچا سکتا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ یہاں تک نوبت آ چکی ہے کہ حرم شریف بھی جزوی طور پر بند ہے اور ایسے ہے کہ جیسے حرم شریف کے دروازے بھی اللہ تعالیٰ نے ڈھوئے ہیں اگر یہ مکمل طور پر بند ہو گیا تو یہ دنیا آخرت کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگوں نے اپنے اعمال ٹھیک نہ کیے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، اب دنیا کا ہر ملک جزوی طور پر لاک ڈاؤن کی حالت میں آ گیا ہے، ابھی بھی وقت ہے کہ سب اپنے آپ کو ٹھیک کریں اور توبہ استغفار کریں بے شک اللہ کریم معاف کرنے والا ہے۔
