کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام جماعتوں کو قوم کا کام سمجھ کر کرنا ہو گا، اکیلی حکومت کچھ نہیں کر سکتی: چودھری پرویزالٰہی

ہم سب متحد ہو کر اتحاد کا مظاہرہ کریں، اس آفت و مصیبت سے اتحاد کے ذریعے ہی چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے، گلی محلے اور دیہات میں کمیٹیاں قائم کی جانی چاہئیں

ڈیلی ویجز والوں کو ڈیلی واچ کر کے گلی محلے تک خوراک اور رقم پہنچانی چاہئے، تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو مل کر کام کرنا ہو گا

سعید غنی کی صحت کیلئے دعا اور ڈاکٹر اسامہ کو شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، عوامی مسائل پر اے پی سی بلانے پر بلاول بھٹو زداری کا شکریہ: کامل علی آغا اور میاں منیر کے ہمراہ ٹیلیفونک کانفرنس سے خطاب

لاہور(24مارچ2020) سپیکر پنجاب اسمبلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پیپلزپارٹی کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں ٹیلیفون پر سینیٹر کامل علی آغا اور میاں منیر کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زداری کا شکریہ جنہوں نے تمام جماعتوں کو اس مسئلے پر ایک پیج پر لانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا فائدہ اسی صورت میں ہو سکتا ہے اگر روزانہ کی بنیاد پر تمام حالات پر نظر رکھی جائے، ڈیلی ویجز والوں کو ڈیلی واچ کر کے گلی محلے تک خوراک اور رقم پہنچانی چاہئے، عام آدمی غریب آدمی کو درپیش مشکلات کے تدارک کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو مل کر کام کرنا ہو گا، ہر صوبے میں مختلف مسائل ہوتے ہیں، تمام پارٹیوں کو مل کر اتحاد کے ساتھ چلتے ہوئے ہر مشکل کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں اس کام کو اپنا کام سمجھ کر کریں، اکیلی حکومت یہ کام نہیں کر سکتی۔ چودھری پرویزالٰہی نے گلگت میں ڈاکٹر اسامہ ریاض کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اسامہ اپنے فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام جماعتوں کے ورکروں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس مصیبت کے موقع پر اتحاد کا مظاہرہ کریں، اس آفت سے اتحاد کے ذریعے ہی چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے، اس لیے گلی، محلے اور دیہات میں میں کمیٹیاں قائم کی جانی چاہئیں، پنجاب اسمبلی کے سارے ارکان نے کرونا فنڈ میں اپنا اپنا حصہ ڈالا ہے، دوسرے صوبوں کو بھی اس میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کی رپورٹ مثبت آنے پر ہم سب ان کی صحت کیلئے فکر مند بھی ہیں اور دعا گو بھی ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کو جلد از جلد صحت عطا فرمائے۔

Share