سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ میں 2 کروڑ 56 لاکھ روپے جمع کرا دئیے، دوسروں کو تحریک ملے گی: عثمان بزدار
March 27, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
250 Views
کورونا کے خلاف متحد ہو کر لڑنا ہے، سپیکر، ارکان اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے گریڈ 18 سے 22 تک کے ملازمین نے ایک ماہ کی تنخواہ دی
لاہور(27مارچ2020) سپیکر پنجاب اسمبلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے 2 کروڑ 56 لاکھ سے زائد رقم وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ میں جمع کرا دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس سلسلہ میں سپیکر چودھری پرویزالٰہی سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے سپیکر کے کورونا وائرس کے خلاف سرگرمیوں کیلئے فنڈ جمع کرانے کے اقدام کی تعریف کی۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی، ڈپٹی سپیکر، اپوزیشن لیڈر، تمام ارکان اسمبلی اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے گریڈ اٹھارہ سے اوپر کے ملازمین نے ایک ایک ماہ کی تنخواہ فنڈ میں جمع کرائی ہے جبکہ سولہ اور سترہ گریڈ کے ملازمین نے آدھی تنخواہ جمع کرائی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کورونا وائرس کیخلاف ہمیں متحد ہو کر لڑنا ہے، ارکان اسمبلی اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے آفیسرز نے فنڈ میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، کورونا سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج ہے اور پوری قوم کو متاثرین کیلئے دل کھول کر عطیات دینے چاہئیں، مخیر حضرات آگے آئیں اور کورونا کے خلاف سرگرمیوں کے متاثرین کی مدد کریں، ہمیں لاک ڈاؤن کے متاثرین کا بھی خیال رکھنا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اقدام سے دوسری شخصیات کو بھی تحریک ملے گی اور وہ بھی متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں گے۔
