وزیراعظم عمران خان اور جنرل باجوہ مسلمان حکمرانوں کے ہمراہ خانہ کعبہ اور روضہ رسولﷺ پر حاضری دیں: چودھری شجاعت حسین

کورونا سے بچاؤ کیلئے تمام حکمران گڑگڑا کر معافی مانگیں تو ان کی دعائیں قبول ہو جائیں گی، اللہ تعالیٰ سب سے بڑا پلانر ہے

لاہور(31مارچ2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے اپنے ویڈیو بیان میں کورونا سے بچاؤ کیلئے تمام مسلمان حکمرانوں کو خانہ کعبہ اور روضہ رسولﷺ پر حاضری کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ امت مسلمہ کے تمام لیڈروں کو خانہ کعبہ اور روضہ رسولﷺ پر لے کر جائیں اور وہاں حاضری کے دوران سب حکمران گڑگڑا کر معافی مانگیں تو امید ہے کہ ان کی دعا قبول ہو جائے گی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ جب تک اللہ تعالیٰ اور نبی پاک ﷺ کی محبت قریب نہیں ہوگی اس وقت تک کوئی کام نہیں ہو گا، ایٹم بم اور میزائلوں سے دنیا فتح کرنے والوں کو معلوم نہیں کہ پلانر کوئی اور ہے، دنیا کے بڑے بڑے منصوبہ سازوں کی پلاننگ اللہ تعالیٰ کی پلاننگ کے سامنے کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی آفت ثابت کرتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ناراض ہے جسے آنسوؤں میں تر معافی سے منانا ہو گا تبھی اس وبا سے نجات ملے گی اور خلق خدا سکون کا سانس لے گی۔

Share