کورونا وائرس: ریسکیو 1122 کے کارکن اپنی جان کی پروا کیے بغیر شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں: سپیکر چودھری پرویزالٰہی

مریضوں کو ریسکیو کرنے کے علاوہ خدانخواستہ انتقال کی صورت میں میت کو ڈس انفیکٹ کر کے تدفین کا انتظام بھی کر رہے ہیں

لاہور(03اپریل2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے شکار افراد کو بچانے اور خدانخواستہ ان کے انتقال کی صورت میں ان کی تدفین کیلئے ریسکیو 1122 نہایت شاندار خدمات انجام دے رہا ہے جبکہ ایکسپو سنٹر میں قرنطینہ کو مینیج کرنے کے حوالے سے بھی ان کی خدمات کی تعریف ضروری ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں ریسکیو 1122 کے اہلکار ’کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘ کی عملی مثال پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان کی کارکردگی کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکتا جو اپنی جان خطرہ میں ڈال کر نہایت منظم اور مربوط طریقہ سے مریضوں کی ہسپتال اور قرنطینہ مراکز منتقلی کے علاوہ تدفین کا نیک کام کر رہے ہیں اور تدفین سے قبل میت کو مکمل طور پر ڈس انفیکٹ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، رینجرز، ڈاکٹرز، پولیس و دیگر ادارے بھی اپنا فریضہ احسن طور پر انجام دے رہے ہیں لیکن ریسکیو اہلکار دن رات جس طرح عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اس کا اعتراف بھی ضروری ہے اور پوری قوم ان کے اس جذبہ اور خدمت کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا ادارہ ہے جو انفرادی اور اجتماعی مشکل کی ہر گھڑی میں مصیبت زدہ کے ساتھ کھڑا نظر آتا ہے اور اپنی جان کی پروا کیے بغیر ان کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی خطرہ کو خاطر میں نہیں لاتا اور ہر مشکل وقت میں صرف ایک کال پر عوام کی خدمت کیلئے فوری طور پر موقع پر پہنچ جاتا ہے۔

Share