گندم خریداری میں کوئی کٹوتی نہیں ہونی چاہئے، بین الصوبائی ترسیل کا باقاعدہ ریکارڈ ہونا چاہئے: چودھری پرویزالٰہی
April 17, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
198 Views
گندم پروکیورمنٹ سنٹرز زیادہ کیے جائیں، کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کو یقینی بنایا جائے
کھادوں اور بیج پر دی گئی سبسڈی کی ادائیگی یقینی بنائے جائے، عبدالعلیم خان کو وزیر بننے پر مبارکباد: پارلیمانی کمیٹی سے خطاب
لاہور(17اپریل2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت کورونا پر آل پارٹی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا ویڈیو لنک پر تیسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ، عبدالعلیم خان اور نعمان لنگڑیال کے علاوہ دیگر ارکان اسمبلی میں ارکان سید حسن مرتضیٰ، نذیر احمد چوہان، ساجد احمد خان، سمیع اللہ خان، خواجہ سلمان رفیق، سردار اویس احمد خان لغاری، امین ذوالقرنین، محمد معاویہ اور ملک احمد علی اولکھ نے شرکت کی۔ محکمہ خوراک اور زراعت کے وزراء اور سیکرٹریوں نے اجلاس کو بریف کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے عبدالعلیم خان کو وزیر خوراک بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری میں کسی قسم کی کٹوتی نہیں ہونی چاہئے، چھوٹے کاشتکاروں کو ہر قسم کی پریشانی سے بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی بین الصوبائی ترسیل کا باقاعدہ ریکارڈ ہونا چاہئے، جو بھی صوبہ گندم خریدنا چاہے تو سرکاری سطح پر اس کا ریکارڈ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چند دنوں بعد گندم خریداری مراکز پر کسانوں کا رش بڑھ جائے گا، کسانوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے گندم کی پروکیورمنٹ سنٹرز زیادہ سے زیادہ بنائے جائیں، جب حکومت اپنا ٹارگٹ پورا کر لے تو اس کے بعد پرائیویٹ سیکٹر کو گندم خریدنے کی اجازت ہو اس سے کاشتکاروں کو پورا معاوضہ ملے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گندم مراکز پر کورونا سے بچاؤ کی تدابیر کو یقینی بنایا جائے، حکومت کی جانب سے کھادوں اور بیج پر دی گئی سبسڈی کی ادائیگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بارشوں کی وجہ سے گندم کی کٹائی پر فرق پڑے گا لہٰذا کاشتکاروں کے ساتھ اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کرے تاکہ کاشتکار پریشان نہ ہو۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گندے پانی سے سبزیاں کاشت کرنے والوں کے خلاف فوڈ اتھارٹی ایکشن کرے اور ان کے علاقے کو سیل کر کے انہیں سخت سزا دے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ساری اپوزیشن حکومت کے ساتھ تعاون پر تیار ہے، ہم سب کو مل جل کر مسائل حل کرنا ہوں گے، پارلمانی کمیٹی کی تمام تجاویز پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔ پارلیمانی رہنماؤں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان اور نعمان لنگڑیال نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں، گندم خریداری مراکز کے حوالے سے تمام ارکان کی تجاویز سے ان کے اضلاع میں ان کی تعداد کو بڑھایا جائے گا اور ان مراکز پر کورونا سے بچاؤ کے انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں گے۔

