کورونا کی وجہ سے معاشی صورتحال کے پیش نظر پنجاب اسمبلی کے سالانہ بجٹ میں 31 کروڑ روپے کی کمی کر دی گئی ہے: سپیکر چودھری پرویزالٰہی
April 20, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
280 Views
چودھری پرویزالٰہی کے پنجاب اسمبلی کے بجٹ میں کمی کے جذبہ حب الوطنی کو صوبائی وزیر خزانہ اور سیکرٹری خزانہ کا خراج تحسین
کورونا کے خلاف جہاد میں ارکان اسمبلی اور اسمبلی سٹاف کی طرف سے وزیر اعلیٰ فنڈ کیلئے 3کروڑ روپے دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں: چودھری پرویزالٰہی
لاہور(20اپریل2020) پنجاب اسمبلی کی فنانس کمیٹی کا اجلاس سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت اسمبلی کے کمیٹی روم اے میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت، فنانس کمیٹی کے ممبران رائے یاور کمال خان، شجاعت نواز، میاں طارق عبداللہ، کاشف محمود، میاں شفیع محمداور رئیس نبیل احمد نے شرکت کی۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے مالی سال 2019-20 کے نظر ثانی شدہ تخمینہ جات پیش کیے۔ سپیکر نے کمیٹی کو بتایا کہ پنجاب اسمبلی نےکورونا سے پیدا ہونے والی ملکی معاشی صورتحال کے پیش نظر پنجاب اسمبلی کے سالانہ بجٹ میں 31کروڑ روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت اور سیکرٹری خزانہ محمد عبداللہ خان سنبل نے چودھری پرویزالٰہی کے پنجاب اسمبلی کے بجٹ میں کمی کے جذبہ حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے کورونا کے خلاف جہاد میں ارکان اسمبلی اور اسمبلی سٹاف کی طرف سے وزیر اعلیٰ فنڈ کیلئے 3کروڑ روپے دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے مالی سال 2020-21 کا 2 ارب 63 کروڑ 90 لاکھ 57 ہزار روپے کابجٹ پیش کیا جسے فنانس کمیٹی نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ فنانس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے سیکرٹری فنانس محمد عبداللہ خان سنبل نے شرکت کی۔

