یہ وقت سیاست کا نہیں اپوزیشن اور حکومت کو مل کر کورونا کا مقابلہ کرنا ہو گا: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی
April 25, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
255 Views
سینیٹر کامل علی آغا اور چودھری سلیم بریار کی چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی سے اہم ملاقات، موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
پاکستان مسلم لیگ گجرات، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، بہاولپور، گوجرانوالہ اور دیگر اضلاع میں راشن اور کورونا سے بچاؤ کیلئے ضروری سامان کی تقسیم جاری رکھے گی: اجلاس میں فیصلہ
لاہور(25اپریل2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے سے جنرل سیکرٹری پنجاب سینیٹر کامل علی آغا اور سینئر نائب صدر پنجاب چودھری سلیم بریار نے اہم ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال خصوصاً کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سلیم بریار نے پارٹی قائدین کی ہدایت کے مطابق راشن، سینی ٹائزرز اور حفاظتی ماسک تقسیم کیے جانے کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ خاندانوں کی امداد جاری رکھی جائے، اس وقت پوری دنیا اس وبائی مرض کا شکار ہے جبکہ پاکستان میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کرنا بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ اپوزیشن اور حکومت کو ساتھ مل کر چلنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانی بھی اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے پاکستانی بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے گجرات، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، بہاولپور، گوجرانوالہ کے اضلاع میں پارٹی کی جانب سے راشن اور کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی کٹس تقسیم کرنے پر پارٹی رہنماؤں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان مسلم لیگ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

