عید کے پرمسرت موقع پر آپس کے اختلافات ختم کر کے ایک متحد قوم بن کر ابھرنا ہو گا: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی
May 23, 2020
Featured, News, Urdu News
143 Views
کورونا سے مقابلہ کرنے والوں کو یاد رکھنا ہو گا، سب مل کر گناہوں کی معافی مانگیں اور مریضوں کیلئے خصوصی دعا کریں
ڈاکٹر، پیرا میڈیکل سٹاف سمیت ہر اس فورس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنی جانوں پر کھیل کر ملک کی خدمت کر رہے ہیں، ایسی عید پہلے کبھی نہیں دیکھی، عید سادگی سے گزاریں: قوم کے نام تہنیتی پیغام
لاہور(23مئی2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے پاکستانی قوم اور تمام امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے روز جو لوگ کورونا جیسی وبا کا مقابلہ کر رہے ہیں وہ ہسپتالوں میں ہیں یا قرنطینہ سنٹر میں ہمیں ان کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھنا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو جلد از جلد صحت یاب کرے اور وہ اپنے گھروں میں اپنے پیاروں کے ساتھ آ ملیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اس وقت متحد ہونے کی ضرورت ہے، کورونا سے لوگوں کی زندگی اور ملکی معیشت پر برے اثرات پڑے ہیں، پورا ملک اس وبا کے زیراثر نظر آ رہا ہے، ان اثرات کا ہم نے مل کر مقابلہ کرنا ہے، ہمیں آپس کے اختلافات ختم کر کے ایک متحد قوم بن کر ابھرنا ہو گا۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ پوری قوم اکٹھی ہو گی تو اس وبا سے نجات ملنے میں مدد مل سکتی ہے، لہٰذا پوری قوم اللہ تعالیٰ سے گڑگڑا کر صدق دل سے دعا مانگیں کہ اللہ کریم اس بیماری جلد از جلد ہم سے ختم کر دے۔ انہوں نے کہا کہ آج جیسی عید پہلے کبھی نہیں دیکھی، قوم پریشان ہے اور لوگوں میں خوف پایا جاتا ہے، پریشانی کسی چیز کا حل نہیں ہمیں اس وبا کا مل کر مقابلہ کرنا ہے اور دعا کرنی ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کورونا کو ہمیشہ کیلئے دور کر دے۔ انہوں نے عید کے پرمسرت موقع پر اپنے ڈاکٹر، پیرا میڈیکل سٹاف سمیت ہر اس فورس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ان اداروں پر فخر ہے جو اپنی جانوں پر کھیل کر اس ملک کی خدمت کر رہے ہیں اور اس وبا سے لڑ رہے ہیں، ہمیں ان لوگوں کا بھی خیال رکھنا ہے جو ہماری مدد کے منتظر ہیں، یہ ثواب کا بھی کام ہے اور اسی میں سب کی بہتری ہے۔
