سپیکر چودھری پرویزالٰہی کا شہید خالد شیر دل کی والدہ اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت
May 26, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
174 Views
خالد شیر دل نے اپنے کیرئیر کے دوران انتہائی محنت اور ایمانداری سے فرائض سرانجام دئیے، ان کی شہادت بڑا نقصان ہے
لاہور(26مئی2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی پی آئی اے کے طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے چیف ایگزیکٹو اربن یونٹ خالد شیر دل کی رہائش گاہ پر گئے۔ انہوں نے خالد شیر دل شہید کی والدہ، بھائی مجاہد شیردل اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید خالد شیر دل کی عظیم قربانی اورحکومت کیلئے گرانقدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے شہید خالد شیر دل کی روح کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خالد شیر دل شہید ایک فرض شناس، محنتی اور ایماندار آفیسر تھے، کورونا وبا کے دوران خالد شیر دل شہید نے فرنٹ لائن پر کام کیا، خالد شیر دل نے اپنے کیرئیر کے دوران انتہائی محنت اور ایمانداری سے فرائض سرانجام دئیے، ان کی شہادت بڑا نقصان ہے، شہید خالد شیر دل کی پنجاب حکومت کیلئے خدمات کی دل سے قدر کرتے ہیں، غم کی گھڑی میں ہم شہید خالد شیر دل کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

