اتنے کم اخراجات میں اجلاس منعقد کروانے پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی کاوشوں کو سراہتے ہیں، تنقید کرنے والوں کو شرمندگی ہوگی: اپوزیشن ارکان
June 3, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
325 Views
اسمبلی اجلاس پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کا بیان دینے والوں کو اس وقت مزید شرمندگی ہوگی جب لاگت انتہائی کم آئے گی، لاگت مزید کم کروانے کی کوشش کروں گا: چودھری پرویزالٰہی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی اجلاس میں گفتگو
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، سمیع اللہ خان، ملک ندیم کامران، خلیل طاہر سندھو، سید حسن مرتضیٰ، محمد معاویہ، محمد خان بھٹی، عنایت اللہ لک، رائے ممتاز اجلاس میں شریک تھے
لاہور(03جون2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ویڈیو لنک پر منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، ارکان اسمبلی سمیع اللہ خان، ملک ندیم کامران، خلیل طاہر سندھو، سید حسن مرتضیٰ، محمد معاویہ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور رائے ممتاز شریک ہوئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ اسمبلی بلڈنگ میں ایس او پیز کے تحت اجلاس منعقد کروانا ممکن نہیں تھا اس لیے متبادل جگہ کا بندوبست کیا گیا۔ ایوان اقبال، پی سی ہوٹل اور فلیٹیز ہوٹل سے کوٹیشن لی گئی۔ ایوان اقبال میں مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث لاگت بہت زیادہ تھی، پی سی ہوٹل نے بھی بہت زیادہ ڈیمانڈ کی، فلیٹیز ہوٹل نے دونوں کے مقابلے میں کم ڈیمانڈ کی اور اسمبلی کے قریب ہونے کی وجہ سے یہ جگہ زیادہ مناسب تھی۔ انہوں نے کہا کہ فلیٹیز ہوٹل کے قریب ہونے کی وجہ سے ارکان اسمبلی پیدل آ سکتے ہیں، اسمبلی پارکنگ اور اسمبلی آفس بھی قریب ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اجلاس کے آخر میں جتنا بل بنے گا میں مزید اس میں کمی کروانے کی کوشش کروں گا، حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے بیٹھنے کیلئے تیسرا ہال ہوٹل والوں سے ہم نے بالکل فری لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس سے قبل ہی بیان آنا شروع ہوگئے کہ خرچ بہت زیادہ آئے گا اگر اسمبلیوں کو تالے لگا دئیے جائیں تو خرچ بالکل نہیں آئے گا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس کے ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ارکان کو تاکید کی کہ سب ارکان اپنا کورونا ٹیس کروا کے آئیں، فیس ماسک کا استعمال لازمی ہو گا اور تمام ارکان اپنی مختص کردہ نشستوں پر بیٹھیں گے۔ اجلاس میں اپوزیشن رہنماؤں نے سپیکر پنجاب اسمبلی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اتنے کم خرچ میں ہوٹل میں بجٹ اجلاس کروانا نہایت خوش آئند اقدام ہے۔ اجلاس میں اسمبلی کی نئی بلڈنگ جلد از جلد مکمل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

