خاتم النبیین حضرت محمد رسول اللہﷺ، ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ، خلفائے راشدین اور دیگر اصحاب رسول رضی اللہ عنہم اجمعین کے بارے میں نازیبا مواد پر مشتمل کتب کو مارکیٹ سے فوری طور پر ضبط کر کے ان پر پابندی لگائی جائے: سپیکر چودھری پرویزالٰہی کا ایوان کی جانب سے متفقہ حکم
June 5, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
165 Views
پنجاب اسمبلی میں تمام پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہوں نے اس اقدام پر چودھری پرویزالٰہی کی تعریف کی
انبیاء کرام، اہل بیت اور صحابہ کرام کے خلاف مواد سے نہ صرف ہمارے جذبات مجروح ہوتے ہیں بلکہ یہ ہمارے ایمان پر کاری ضرب ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی
متعلقہ محکمہ تینوں کتابوں کی ضبطی، اشاعت اور فروخت پر پابندی کا نوٹیفیکیشن رواں اجلاس میں آئندہ جمعتہ المبارک کے روز ایوان میں پیش کرے: سپیکر چودھری پرویزالٰہی کا پنجاب اسمبلی میں خطاب
لاہور(05جون2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ آقا کریم، جناب محمد رسول اللہ ﷺ، ام المومنین سید عائشہ صدیقہ طیبہ طاہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا اور دیگر اصحاب نبی رضی اللہ عنہم اجمعین کے بارے میں نازیبا مواد پر مشتمل کتب، غیر ملکی مصنفہ
لیزلی ہیزلٹن کی کتابیں
(The First Muslim)
(After the Prophet)
اور پاکستانی مصنف مظہر الحق کی کتاب
(Short History of Islam)
کو مارکیٹ سے فوری طور پر ضبط کیا جائے اور ان کتابوں کی فروخت پر فور ی طور پر پابندی لگائی جائے۔ انبیاء اکرام، اہل بیت اور صحابہ کرام کے خلاف مواد سے نہ صرف ہمارے جذبات مجروح ہوتے ہیں بلکہ یہ ہمارے ایمان پر کاری ضرب ہے۔ متعلقہ محکمہ تینوں کتابوں کی ضبطی، اشاعت اور فروخت پر پابندی کا نوٹیفیکیشن رواں اجلاس کے دوران آئندہ جمعتہ المبارک کے روز ایوان میں پیش کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت فلیٹیز ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب اسمبلی سپیشل کمیٹی نمبر 6نے وزیر کان کنی و معدنیات حافظ عمار یاسر کی جانب سے گذشتہ اجلا س میں کمیٹی کے سپرد کی گئی قرار داد پر رپوٹ پیش کی گئی جس میں سفارش کی گئی تھی کہ مذکورہ بالا کتب میں انبیاء کرام علیہم السلام بالخصوص خاتم المرسلین جناب محمد رسول اللہﷺ کی ذات اقدس، ام المومنین سید عائشہ صدیقہ طیبہ طاہرہ رضی اللہ تعالی عنہا، جن کی پاکیزگی کی گواہی خود اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں دی، جناب سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شیر خدا سیدنا علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بارے میں غلیظ قلم اور غلیظ ذہنیت کے ساتھ و ہ کفر لکھا گیا ہے جو برداشت کرنا کسی مسلمان کیلئے ممکن نہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے پورے ایوان کی جانب سے متفقہ حکم دیتے ہوئے کہا کہ ان کتب کو فوری طور پر ضبط کیا جائے اور ان کی فروخت پر پابندی لگائی جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازشریف، ارکان اسمبلی رانا مشہود احمد خان، سید حسن مرتضیٰ اور محمد معاویہ نے بھی خطاب کیا اور سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے اس اقدام کو سراہا۔ ایوان کی طرف سے متفقہ طور پر یہ سفارش قبول کرلی گئی اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے حکم دیا کہ متعلقہ محکمہ تینوں کتابوں کی ضبطگی، اشاعت اور فروخت پر پابندی کا نوٹیفیکیشن رواں اجلاس میں آئندہ جمعتہ المبارک کے روز ایوان میں پیش کرے۔

