وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، کورونا صورتحال اور فلاح عامہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال، مشاورت کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے اوربجٹ اجلاس کو احسن طریقے سے چلانے پر اتفاق

صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے پہلے بھی ایک تھے، آئندہ اکٹھے رہیں گے، پنجاب اسمبلی کا قانون سازی کے حوالے سے ریکارڈدیگر صوبائی اسمبلیوں کی نسبت سب سے بہتر ہے:عثمان بزدار

تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے، ہمارا اتحادپہلے سے زیادہ مضبوط ہے، ہماری پوری سپورٹ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ ہے، بزدار کے اچھے کاموں کو سراہتے ہیں: چودھری پرویزالٰہی

لاہور(08جون2020) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے آج وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، کورونا صورتحال اور فلاح عامہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب اسمبلی کے جاری اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ بجٹ اجلاس کو احسن طریقے سے چلانے پر اتفاق کیاگیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ باہمی ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے کیلئے مشاورت کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اسمبلی کارروائی بطریق احسن چلانے اور گستاخانہ کتابوں پر پابندی کے حوالے سے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے پہلے بھی ایک تھے اور آئندہ بھی اکٹھے رہیں گے، دونوں جماعتوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگی۔ پاکستان مسلم لیگ ہماری اتحادی ہے، ساتھ لیکرچلیں گے، غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی، عوام کی خدمت کا مشن پورا کریں گے، عوام کھوکھلے نعرے نہیں عملی اقدامات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مختصر عرصے میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے، پنجاب اسمبلی کا قانون سازی کے حوالے سے ریکارڈدیگر صوبوں کی اسمبلیوں کے مقابلے میں سب سے بہتر ہے جبکہ اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا ایجنڈا ہے نہ کورونا سے نمٹنے کاکوئی پروگرام ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے، ہمارا اتحادپہلے سے زیادہ مضبوط ہے، اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش پوری نہیں ہو گی، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے اچھے کاموں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری سپورٹ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ ہے، ماضی کی طرح اب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں بلکہ میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں، ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے، ہم ملکر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

Share