مزدوری کرنے والوں، اپنے ملازمین اور اردگرد غریب اور مستحق لوگوں کو ڈھونڈیں اور ان کو کھانا دیا کریں: چودھری شجاعت حسین

جب اللہ راضی ہوتا ہے تب ہی معجزات ہوتے ہیں، اس کی مثال میری اپنی زندگی ہے، میرا ایمان ہے کہ اللہ راضی ہے تو سب کچھ ٹھیک ہو جاتا ہے

لاہور(10جون2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مزدوری کرنے والوں کے ساتھ ساتھ اپنے ملازمین اور اپنے اردگرد جتنے غریب اور مستحق لوگ ہیں ان کو ڈھونڈیں اور ان کو کھانا دیا کریں، اپنے ایسے رشتہ دار اور سفید پوش لوگوں کی مدد کریں جو کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میرے اور تمام لوگوں کیلئے یہ واقعی لمحہ فکریہ ہے، کورونا وائرس سے ڈرنے کی بجائے اللہ سے ڈریں، اس وباء سے بچنے کیلئے اللہ کو راضی کریں اور حضورﷺ کے بتائے ہوئے طریقے پر اپنی زندگی گزاریں، جب اللہ راضی ہوتا ہے تب ہی معجزات ہوتے ہیں، اس کی مثال میری اپنی زندگی ہے، میرا ایمان ہے کہ اللہ راضی ہے تو سب کچھ ٹھیک ہو جاتا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میں بار بار سب کو یہی تاکید کر رہا ہوں کہ یہ وائرس اللہ تعالیٰ کی طرف سے وارننگ ہے، ہم سب کو اپنے گریبان میں جھانک کر اپنی غلطیوں کا احساس کر کے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمجھنے کی بات ہے کہ پوری دنیا میں طاقت کا معیار بدل چکا ہے، ایٹم بم اور میزائل اس وائرس کو نہیں مار سکتے، طاقتور ہونے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ چکے ہیں، میرا اس بات پر یقین اور پختہ ہو گیا ہے کہ دوا کے ساتھ ساتھ دعا کا ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ اگر اللہ راضی ہے تو سب کچھ ٹھیک ہو جاتا ہے۔

Share