اسمبلی اجلاس میں زراعت، خوراک، تعلیم، صحت، لوکل گورنمنٹ اور امن و امان، کے محکموں پر کٹ موشن پیش کیے جائیں گے: چودھری پرویزالٰہی، راجہ بشارت
June 17, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
242 Views
پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایس او پیز کے تحت چلایا جائے گا، اپوزیشن اور حکومتی ارکان ایس او پیز کاخاص خیال رکھیں
سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت ویڈیو لنک پر پنجاب اسمبلی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں ڈپٹی سپیکرسردار دوست محمد مزاری، وزیر قانون محمد بشارت راجہ، ندیم کامران، سمیع اللہ خان، محمد معاویہ، حسن مرتضیٰ، عباس علی شاہ، خلیل سندھو، سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور عنایت اللہ لک شریک تھے
اپوزیشن کی جانب سے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کواسمبلی اجلاس بلانے اور بجٹ اجلاس احسن طریقے سے چلانے پر کاوشوں کو سراہاگیا
لاہور(17جون2020) سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ویڈیو لنک پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری، وزیر قانون محمد بشارت راجہ، ملک ندیم کامران، سمیع اللہ خان، محمد معاویہ، سید حسن مرتضیٰ، سید عباس علی شاہ، خلیل طاہر سندھو، سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی شریک تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس سے بجٹ اجلاس کے حوالے سے طے کر دہ ایس او پیز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ بجٹ پر بحث چار دن ہو گی، جمعرات 18 جون، جمعتہ المبارک 19 جون، سوموار 22 جون اور منگل 23 جون کو عام بحث پر تقریر کیلئے ہر رکن کو پانچ منٹ کا وقت دیا جائے گا البتہ قائد حزب اختلاف اور پارلیمانی لیڈرز کو سپیکر کی اجازت سے زیادہ وقت دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مناسب ہو گا کہ پارلیانی لیڈرز تقریر کے خواہشمند معزز ارکان کی فہرستیں سیکرٹری اسمبلی کو جمعرات 18 جون تک فراہم کر دیں تا کہ سب کو تقریر کا موقع مل سکے، حزب اختلاف کے ارکان منتخب مطالبات زر میں کٹوتی کی تحاریک جمع کروائیں گے تاکہ انہیں ان مطالبات زر پر اظہار خیال کا موقع فراہم ہو سکے بصورت دیگر مطالبات کی ترتیب سے کٹوتی کی تحاریک لی جائیں گی۔ سالانہ مطالبات پر بحث اور رائے شماری بشمول کٹوتی کی تحاریک پر کاروائی بدھ 24 جون اور جمعرات 25 جون 2020 کو ہوگی، 25 جون کو مقررہ وقت پر گلوٹین کے اطلاق کے بعد باقی ماندہ سالانہ مطالبات زر پر براہ راست کاروائی ہو گی، مسودہ قانون مالیات پر کاروائی جمعتہ المبارک 26 جون 2020 کو ہو گی، ضمنی بجٹ پر عام بحث سوموار 29 جون 2020 کو ہو گی، ضمنی مطالبات زر پر بحث اور رائے شماری منگل 30 جون 2020 کو ہو گی، 30 جون کو مقررہ وقت پر گلوٹین کے اطلاق کے بعد باقی ماندہ ضمنی مطالبات زر پر براہ راست کاروائی ہو گی جبکہ سالانہ اور ضمنی بجٹ پر عام بحث کے دوران کورم کی نشاندہی نہیں کی جائے گی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن نے ایس او پیز کا خیال نہیں رکھا لہٰذا آئندہ اپنی اپنی سیٹوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اپوزیشن ارکان نے سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اسمبلی اجلاس بلانے اور بجٹ اجلاس احسن طریقے سے چلانے پر کاوشوں کو سراہا۔ بزنس ایڈوائزری کمیٹی اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ زراعت، خوراک، تعلیم، صحت، لوکل گورنمنٹ اور امن و امان، کے محکموں پر کٹ موشن پیش کیے جائیں گے، کٹ موشن پر ووٹنگ نہیں ہو گی البتہ ڈیمانڈ پر ووٹنگ ہو گی اور کورم پوائنٹ آؤٹ نہیں کیا جائے گا۔

