طارق عزیز میرے دیرینہ دوستوں میں سے تھے، ان کی وفات پر دلی صدمہ ہے: چودھری شجاعت حسین
June 17, 2020
Featured, News, Urdu News
154 Views
مرحوم طارق عزیز سے ہمارے خاندان کا بہت پرانا تعلق تھا، یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی، اللہ ان کے درجات بلند فرمائے: چودھری پرویزالٰہی
لاہور(17جون2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی ایم این اے، سیکرٹری جنرل طارق بشیرچیمہ، جنرل سیکرٹری پنجاب کامل علی آغا اور سینئر نائب صدر پنجاب چودھری سلیم بریار نے معروف ٹی وی کمپیئر اور سابق ایم این اے طارق عزیز کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مرحوم طارق عزیز ہماری پارٹی کے اہم رکن اور میرے دیرینہ دوستوں میں سے تھے، اکثر اکٹھے موضوعات پر تبادلہ خیال کرتے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مرحوم طارق عزیز سے ہمارے خاندان کا بہت پرانا تعلق تھا، یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی، فن کی دنیا اور سیاست کیلئے ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ طارق عزیز کی رحلت سے دلی صدمہ پہنچا ہے، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔
