ہم اکٹھے تھے، ہیں اور اکٹھے رہیں گے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار، سپیکر چودھری پرویزالٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، فلاح عامہ کے منصوبوں اور ورکنگ ریلیشن شپ کے معاملات پر تبادلہ خیال

لاہور(27جون2020) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، فلاح عامہ کے منصوبوں اور ورکنگ ریلیشن شپ کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایوان کی کارروائی احسن انداز میں چلانے پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی پارلیمانی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے ایوان کو متوازن انداز میں چلا کر نئی مثال قائم کی۔ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم اکٹھے تھے، اکٹھے ہیں اور انشاء اللہ اکٹھے رہیں گے، چودھری پرویزالٰہی نے ایوان میں تمام ارکان کو ساتھ لے کر چلنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، دونوں رہنماؤں نے مل کر عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی ہمارے اتحادی ہیں، مسلم لیگ کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، اپوزیشن نے کورونا سمیت ہر نازک موقع پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی، اپوزیشن جماعتیں مایوسی کا شکار ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے، عوام کو ریلیف دینے کے مشن میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے، حکومت پنجاب نے موجودہ مشکل معاشی حالات میں بہتر اور متوازن بجٹ پیش کیا ہے، ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن دیکھ رہے ہیں، تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور رہیں گے، اپوزیشن نے اپنے دور میں میرے وقت کے فلاح عامہ کے منصوبوں کو اپنی انا کی بھینٹ چڑھایا، عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔

Share