ن لیگ نے چودھری پرویزالٰہی کے دور میں شروع کی گئی بلڈنگ مکمل کی ہوتی تو ہوٹل میں اجلاس کی ضرورت نہ پڑتی: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

ماضی کے حکمرانوں نے جان بوجھ کر نئی عمارت کے منصوبے کو تاخیر کا شکار کیا، تاخیر کے باعث عوام کے پیسے کا ضیاع ہوا اور تعمیراتی لاگت بھی بڑھی: چودھری پرویزالٰہی

وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں وزیر قانون راجہ بشارت اور دیگر حکام کی شرکت

لاہور(09جولائی2020) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت اسمبلی کے کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت اور ایم پی اے ہاسٹل کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ ن لیگ نے چودھری پرویزالٰہی کے دور میں شروع ہونے والی بلڈنگ مکمل کی ہوتی تو آج ہوٹل میں اجلاس کرنے کی ضرورت نہ پڑتی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو نئی عمارت کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر کے آخر تک تمام ضروری کام مکمل کئے جائیں، کورونا کے باعث کچھ امور میں جو تاخیر ہوئی ہے اس کا ازالہ مسلسل محنت کرکے کیا جائے، پنجاب حکومت نئی عمارت کا بقیہ کام جلد مکمل کرنے کے حوالے سے پوری سپورٹ جاری رکھے گی، نئی عمارت سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگی اور اس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سپیکر چودھری پرویزالٰہی کا اپنا منصوبہ ہے، عمارت کو جلد سے جلد مکمل کرکے ارکان اسمبلی کیلئے کھولنا چاہتے ہیں، گزشتہ دور میں اس منصوبے کو ضد کی نذر کیا گیا، سابق حکمرانوں نے فلاح عامہ کے منصوبوں میں ذاتی پسند و ناپسند کو ترجیح دی، پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے ساتھ ایم پی اے ہاسٹل کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے جان بوجھ کر نئی عمارت کے منصوبے کو تاخیر کا شکار کیا، نئی عمارت اور ہاسٹل کی تعمیر کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سپورٹ کے شکرگزار ہیں، تاخیر کے باعث عوام کے پیسے کا ضیاع ہوا اور تعمیراتی لاگت بھی بڑھی، کورونا کے باعث کام میں تعطل آیا لیکن اب اس منصوبے کو مزید تیزی سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ این سی اے کی جانب سے جولائی تک چھت پر میناکاری کا کام مکمل ہوجائے گا، ایم پی اے ہاسٹل کی عمارت کی بیسمنٹ میں 600 گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت موجود ہوگی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک، سیکرٹری کوآرڈی نیشن رائے ممتاز حسین بابر، سیکرٹری فنانس عبداللہ سنبل، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کیپٹن (ر) اسد، این سی اے کے نمائندوں کے علاوہ دیگر تعمیراتی اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

____________________________________

اتحادیوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، پراپیگنڈہ کرنے والے عناصر کا مل کر مقابلہ کیا جائے گا: وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی سپیکر چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات

چاہتے ہیں کہ باہمی تعاون سے عوامی ریلیف کا سفر تیز ہو،عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے: چودھری پرویزالٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی پنجاب اسمبلی آمد، چودھری پرویزالٰہی سے سپیکر چیمبرز میں ملاقات، وزیر قانون راجہ بشارت بھی شریک تھے

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کے نئی بلڈنگ کی تعمیر پر پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا

لاہور(09جولائی2020) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی پنجاب اسمبلی آمد، سپیکر چودھری پرویزالٰہی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر قانون محمد بشارت راجہ بھی شریک تھے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کی تعمیر پر پیش رفت بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پراپیگنڈہ کرنے والے عناصر کا مل کر مقابلہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہم اتحادیوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، اتحاد کے معاملات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں، عوامی مسائل کا حل اورعوام کیلئے ریلیف کے اقدامات حکومت پنجاب کا فوکس ہے، ہر صورت اکٹھے مل کر صوبے کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے، پاکستان مسلم لیگ کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت اور مسجد کی تعمیر کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے مشن میں حکومت کے شانہ بشانہ ہیں، چاہتے ہیں کہ باہمی تعاون سے عوامی ریلیف کا سفر تیز ہو، عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے، اختلافات کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ سابق دور میں صوبے کا حلیہ بگاڑا گیا، ماضی کی حکومت نے غلط پالیسیوں سے صوبے کو دیوالیہ کر دیا گیا، فلاح عامہ کے منصوبوں میں تاخیر کا نقصان عام آدمی کو ہوا، موجودہ دور عوام کا اپنا دورہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور مل کر فلاح عامہ کیلئے کام کرتے رہیں گے، عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے۔

Share