سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس، اسمبلی اجلاس، عید الاضحی اور محرم الحرام کیلئے ایس او پیز پر تبادلہ خیال

آئندہ اجلاس میں حکومت کے 52 جبکہ اپوزیشن کے 48 ارکان شرکت کر سکیں گے، تمام ارکان اسمبلی اور ملازمین ماسک اور ہینڈ سینی ٹائزر کا خصوصی خیال رکھیں، ماسک کے بغیر داخلہ ممنوع ہو گا

تمام ارکان نے چودھری پرویزالٰہی کو فلیٹیز ہوٹل میں کامیابی کے ساتھ بجٹ اجلاس منعقد کروانے پر مبارکباد پیش کی، ن لیگ کی رکن عظمیٰ بخاری کے والد کی وفات پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی

لاہور(13جولائی2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ویڈیو لنک پر منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، ارکان اسمبلی ملک ندیم کامران، سید عباس علی، خلیل طاہر سندھو، محمد معاویہ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک شریک ہوئے۔ اجلاس میں آئندہ اسمبلی اجلاس، عید الاضحی اور محرم الحرام کے حوالے سے ایس او پیز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مرتب کردہ ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے، تمام ارکان اور اسمبلی کے ملازمین ماسک اور ہینڈ سینی ٹائزر کا خصوصی خیال رکھیں، ماسک کے بغیر داخلہ ممنوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے 52 اور اپوزیشن کے 48 ارکان اجلاس میں شرکت کر سکیں گے جبکہ باقی ارکان کیفے ٹیریا اور کمیٹی روم میں بڑی سکرین پر اسمبلی کی براہ راست کارروائی دیکھ سکیں گے۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی اور محرم الحرام کیلئے این سی او سی کی میٹنگ کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے، میڈیا کوریج کیلئے پریس گیلری ارکان کے ساتھ مل کر ایس او پیز مرتب کیے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران تمام ارکان نے چودھری پرویزالٰہی کو فلیٹیز ہوٹل میں کامیابی کے ساتھ بجٹ اجلاس منعقد کروانے پر مبارکباد پیش کی۔ بعد ازاں ن لیگ کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری کے والد زاہد بخاری کی وفات پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

Share