محرم الحرام، تمام آسمانی مذاہب و آسمانی کتب اور تمام مقدس اسلامی شخصیات کا احترام لازمی کیا جائے: چودھری پرویزالٰہی، راجہ بشارت، طاہر اشرفی
July 16, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
210 Views
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وزیر قانون راجہ بشارت سے چیئرمین علماء کونسل و متحدہ علماء بورڈ مولانا طاہر اشرفی کی ملاقات
بطور وزیراعلیٰ پنجاب آپ کے دور میں محرم الحرام میں فرقہ وارانہ واقعات پیش نہیں آئے، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے مشاورت کے بعد ایس او پیز تیار کر کے ملک میں امن و امان قائم کیا جا سکتا ہے: ملاقات میں تبادلہ خیال
لاہور(16جولائی2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ سے چیئرمین علماء کونسل و متحدہ علماء بورڈ مولانا طاہر اشرفی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت محرم الحرام میں امن وامان اور اسلامی تعلیمات کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بطور چیئرمین علماء کونسل و متحدہ علماء بورڈ مولانا طاہر اشرفی کی خدمات قابل قدر ہیں، اسلامی تعلیمات کے فروغ کے حوالے سے ان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں بین المذاہب ہم آہنگی، اسلامی تعلیمات اور ملک میں امن و امان کیلئے سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی، متحدہ علماء بورڈ نے اس حوالے سے جو ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے اس پر سب جماعتوں کو مل کرعمل کرنا چاہئے اور ملک کے اندر انتشار پھیلانے والے عناصر کی سرکوبی کرنی چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تمام مقدس آسمانی کتب و مذاہب اور تمام اسلامی مقدس شخصیات کا احترام و رواداری سب پر لازم ہے، محرم الحرام اور دیگر مذہبی تہوار پر تمام مکتبہ فکر کے علماء سے پہلے بھی مشاورت کرتے رہے ہیں آئندہ بھی کریں گے تاکہ سازشی عناصر کا خاتمہ کیا جا سکے۔ مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب آپ کا واحد دور ہے جس میں محرم الحرام، صفر اور دیگر اسلامی مہینوں و تہواروں پر کوئی فرقہ وارانہ واقعہ پیش نہیں آیا، بطور وزیراعلیٰ آپ تمام مکتبہ فکر کے علماء سے مشاورت کے بعد ایس او پیز تیار کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام امن و امان اور رواداری کو یقینی بنائیں اور تمام آسمانی کتب و مذاہب اور اسلامی مقدس شخصیات کا احترام کریں۔

