میں تمام علماء کرام کا شکرگزار ہوں جنہوں نے اس بل پر اپنی قیمتی آراء سے میری رہنمائی فرمائی، اللہ تعالیٰ ہماری ان کوششوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے: چودھری پرویزالٰہی
لاہور(29جولائی2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سابق وفاقی وزیر پیر امین الحسنات شاہ آف بھیرہ شریف نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ انہوں نے تحفظ بنیاد اسلام بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی ذاتی کاوش کا نتیجہ ہے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی ہمیشہ دین اسلام کی خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں اور ہمیشہ ان معاملات پر اپنی آواز بلند کی ہے۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی شریک تھے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے پیر امین الحسنات شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سمیت تمام علماء کرام کا شکرگزار ہوں جنہوں نے اس بل پر اپنی قیمتی آراء سے میری رہنمائی فرمائی، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہماری ان کوششوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کا مقصد بھی اسلام کو تمام منفی عناصر سے محفوظ رکھنا ہے۔