کورونا سے آئندہ نسلیں بچانے کیلئے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی
July 31, 2020
Featured, News, Urdu News
181 Views
یہ اللہ کا عذاب ہے، ہمارے بچوں کو آزادی کی قیمت اور اس کے تحفظ کیلئے مسلح افواج کی عظیم قربانیوں سے آگاہ ہونا چاہئے
آج اپنی دعاؤں میں کشمیریوں کو بھی یاد رکھیں، کشمیری بچیوں کی مظلومیت اور نوجوانوں کا خون رنگ لا کر رہے گا: عیدالاضحی پر پیغامات
لاہور(31جولائی2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے نے عیدالاضحی پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ کورونا سے نجات اور اپنی آئندہ نسلوں کو بھی اس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہمیں اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگنی چاہئیں اور اپنے گناہوں، کوتاہیوں پر معافی کا طلبگار ہونا چاہئے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں فرماتا ہے کہ میں کیوں تم پر عذاب نازل کروں گا اگر تم میری اطاعت اور میرے احکامات کی پابندی کرو گے لیکن لوگوں نے ایسا نہیں کیا، خود کو سپر پاور کہنے اور اپنے میزائلوں، مہلک ہتھیاروں پر انحصار کرنے والوں نے اسے اپنی چودھراہٹ کا معیار بنا رکھا تھا جو اب ختم اور ان کا تمام جنگی ساز و سامان بے کار ہو چکا ہے، اب ان کے اربوں کے یہ میزائل لوہے کے بھاؤ بھی نہیں بکیں گے، ان تمام حالات کے پیش نظر ہمیں چاہئے کہ اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ وہ ہمیں معاف کر دے اور ہمارے گناہوں اور کوتاہیوں سے درگزر فرمائے۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ اس موقع پر ہمیں تمام مظلوم مسلمانوں باالخصوص کشمیریوں کیلئے دعا کرنی چاہئے اور مقبوضہ کشمیر میں ہماری بچیوں پر جو ظلم و زیادتی بھارتی فوج کر رہی ہے انہیں اس سے نجات حاصل ہو۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آج ہم سب کو مل کر اللہ کریم سے دعا کرنی چاہئے کہ وہ کورونا کی وبا سے ہماری پوری قوم، بچوں اور آئندہ نسلوں کو اس سے محفوظ فرمائے، اسکا علاج اپنی جگہ لیکن سب سے بڑا علاج اللہ کریم سے معافی اور دعا ہے، آج ہمیں یہ یاد کرانے کی ضرورت ہے کہ پاکستان کتنی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا اور آئندہ نسلوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ یہ آزاد خطہ حاصل کرنے کیلئے کتنی جانوں کی قربانی دی گئی، اس آزادی کے تحفظ کیلئے افواج پاکستان کا کردار نہیں بھولنا چاہئے کہ انہوں نے کس طرح دو جنگوں میں مادرِوطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ قوم کیلئے پیش کیا اور ہر محاذ پر آگے بڑھ کر دشمنوں کا مقابلہ کیا اور ان کا راستہ روکا، آج ہمیں آزادی کی قیمت کا پتہ ہونا چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کا جو خون بہہ رہا ہے وہ رنگ لا کر رہے گا اور آزادی ان کا مقدر بنے گی اور انہیں بھارتی ظلم و ستم سے نجات ملے گی۔
