یوم شہداء پر ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید سمیت تمام شہداء کو میرا اور قوم کا سلام: چودھری پرویزالٰہی
August 4, 2020
Featured, News, Urdu News
184 Views
بطور وزیراعلیٰ مجھے یہ جان کر بڑا دکھ ہوا کہ شہداء کے لواحقین کو اعلان کردہ ایوارڈ اور مراعات شہبازشریف نے روک رکھے تھے
ہمارے پانچ سالوں میں شہداء کے خاندانوں کو تمام اعلان کردہ مراعات نہ صرف ملتی رہیں بلکہ بیواؤں کی پنشن میں اضافہ بھی ہوتا رہا
موجودہ حکومت اور پولیس سربراہ چیک کریں کہ اب ہمارا قائم کردہ نظام چل رہا ہے یا شہبازشریف والا
لاہور(04اگست2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے یوم شہداء پولیس پر اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پولیس کے جوانوں نے ہمیشہ ہر حالت میں فرنٹ لائن محافظ کا کردار نبھایا ہے، ایس ایس پی اشرف مارتھ سمیت تمام شہداء کو میرا اور قوم کا سلام ہو۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جب میں نے چیف منسٹر پنجاب کا چارج سنبھالا تو سب سے پہلے یہ اعلان کیا کہ تمام شہداء کو وہ تمام ایوارڈ اور ان کے لواحقین کو فنڈز ملتے رہیں جن کا اعلان کیا گیا تھا، میرے دور میں ہر سال شہداء کی بیواؤں کے پنشن میں اضافہ ہوا، مجھے یہ جان کر بڑا دکھ ہوا تھا کہ شہبازشریف کے پہلے دور میں شہداء کے لواحقین کو اعلان کردہ ایوارڈ اور مراعات نہیں دی گئیں، ہم نے ایسا نظام بنایا دیا تھا کہ دوبارہ کوئی شہداء کی مراعات نہ روک سکے۔ انہوں نے کہا کہ اب موجودہ حکومت اور پولیس سربراہ کا فرض بنتا ہے کہ وہ دیکھیں کہ جو کام میں نے شروع کیا تھا وہ جاری ہے یا پھر شہبازشریف والا نظام دوبارہ جاری ہوگیا ہے۔
