افسوس صد افسوس، مسجد کا تقدس پامال کرنے والے ابھی تک آزاد ہیں: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی
August 9, 2020
Featured, News, Urdu News
143 Views
مسجد وزیر خان میں ناچ گانے کے تمام ذمہ داروں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی ناپاک جسارت نہ کر سکے
لاہور(09اگست2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے مسجد وزیر خان میں ناچ گانے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس صد افسوس کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مسجد کے تقدس کو اس طرح پامال کیا گیا اور ابھی تک نہ تو اس کے ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ اسلام کے نام پر لاکھوں قربانیوں کے بعد یہ ملک کیا اس لیے قائم کیا گیا تھا کہ یہاں مساجد میں رقص و سرود ہو اور سرعام ایسا کرنے اور اس کی اجازت دینے والوں کو ابھی تک پکڑ کر جیل میں نہیں ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مساجد میں کتنی دیدہ دلیری سے ناچ گانا ہو رہا ہے جو کہ شریعت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس سانحہ کے ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے مقدمہ چلایا جائے اور انہیں قرار واقعی اور مثالی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی قبیح حرکت کی جرات نہ کر سکے۔
