متحدہ عرب امارات کے بھائیوں کے ساتھ دیرینہ تعلقات پر فخر ہے: سپیکر چودھری پرویزالٰہی
August 28, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
257 Views
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں ایک دوسرے کے ماہرین سے فائدہ اٹھانا چاہئے: حمد عبید ابراہیم سلیم الذھبی
پاکستان میں توانائی، تعلیم، زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے بے شمار پرکشش مواقع میسر ہیں: چودھری پرویزالٰہی کی متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سلیم الذھبی سے گفتگو
لاہور(28اگست2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر حمد عبید ابراہیم سلیم الذھبی نے اسمبلی چیمبرمیں ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور اور خطہ میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ پاکستانی بھائیوں کے ساتھ خصوصی محبت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں ہسپتالوں کے قیام اور دیگر ترقیاتی کاموں میں معاونت پرمتحدہ عرب امارات کو خراج تحسین پیش کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ہمیں متحدہ عرب امارات کے بھائیوں کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات پر فخر ہے دونوں ممالک کی دوستی لازوال ہے جسے ہمارے تاریخی، ثقافتی، ادبی، معاشی و اقتصادی تعلقات نے چار چاند لگا رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، تعلیم، زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے بے شمار پر کشش مواقع میسر ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کار خاطر خواہ فوائد حاصل کر سکتے ہیں، معاشی و اقتصادی میدان میں باہمی روابط سے پاکستان اور عرب امارات کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔ حمد عبید ابراہیم سلیم الذھبی نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کی ترقی کے خواہاں ہیں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں ایک دوسرے کے ماہرین سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

