آل پاکستان پاٹری اینڈ سرامک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مسائل فوقیتی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں: چودھری پرویزالٰہی

بطور گھریلو صنعت گیس اور بجلی کے بلوں میں خصوصی رعایت دی جائے گی، اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو بھرپور تعاون کیلئے ہدایات دے دی ہیں: سپیکر پنجاب اسمبلی کی وفد سے گفتگو

لاہور(03ستمبر2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے آل پاکستان پاٹری اینڈ سرامک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے مسلم لیگی رہنما چودھری صفدر وڑائچ کی قیادت میں اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ وفد میں صدر چودھری ضمن اقبال، جنرل سیکرٹری راجہ وقاص احمد، حاجی اعظم رحمانی اور ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیدار شریک تھے۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ آل پاکستان پاٹری اینڈ سرامک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آل پاکستان پاٹری اینڈ سرامک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مسائل فوقیتی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاٹری گھریلو صنعت ہے اس کیلئے گیس اور بجلی کے بلوں میں خصوصی رعایت دی جائے گی، اس سلسلے میں گیس، واپڈا، سوشل سکیورٹی اور دیگر محکموں کو پاٹری انڈسٹری سے بھرپور تعاون کیلئے ہدایات دے دی ہیں۔ چودھری صفدر وڑائچ نے کہا کہ چودھری صاحبان نے ہمیشہ گجرات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاٹری انڈسٹری کے دیرینہ مسائل کے حل اور اس کی بہتری کیلئے ذاتی کاوشوں پر چودھری پرویزالٰہی کے شکر گزار ہیں۔

Share