ہمیں اپنی عبادت گاہوں میں پیار، محبت، برداشت، تحمل، رواداری اور مذہبی یگانگت کی بات کرنی چاہئے: چودھری پرویزالٰہی
September 4, 2020
Featured, News, Pictures, Urdu News
301 Views
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس کاوش کو اصلاح، محبت، اخوت اور یگانگت کا سبب بنائے: پنجاب اسمبلی میں نئی مسجد کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو
ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری، وزیر قانون بشارت راجہ، اپوزیشن لیڈر میاں حمزہ شہباز، ارکان اسمبلی مولانا الیاس چنیوٹی، سمیع اللہ خان، حسن مرتضی، سابق رکن رئیس محبوب، سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور کیپٹن (ر) اسد بھی موجود تھے
لاہور(04ستمبر2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی عبادت گاہوں میں پیار، محبت، برداشت، تحمل، رواداری اور مذہبی یگانگت کی بات کرنی چاہئے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس کاوش کو اصلاح، محبت، اخوت اور یگانگت کا سبب بنائے، آمین۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں نئی مسجد کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر تمام اسمبلی میں پارلیمانی پارٹیوں کے لیڈر اور نمائندے بھی موجود تھے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قانون سازی عوامی مفاد میں باہمی تعاون کے ساتھ جاری ہے، سٹینڈنگ کمیٹیوں کی ورکنگ بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ مزید نئی کمیٹیاں بھی بنا رہے ہیں جو عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کام کریں گی اور حکومت کو سفارشات دیں گی جس سے اچھے نتائج برآمد ہوں گے، سیاسی نقطہ نظر سب کا اپنا اپنا ہے مگر ایوان میں سارے ارکان عوامی مفاد کیلئے اکٹھے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی دعوت دی تھی مگر وہ مصروفیات کی بنا پر نہیں آ سکے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میں آپ تمام حضرات کو آج اللہ تعالیٰ کے اس گھر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی سعادت کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ ہم سب نے جس نیک نیتی کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے اس گھر کیلئے سوچا تھا اس میں خالق کائنات نے ہمیں کامیاب فرمایا ہے، اللہ تعالیٰ ہماری یہ چھوٹی سی کاوش اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ہم سب کو نماز پنج گانہ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ سپیکر نے کہا کہ ہم نے صرف مسجدیں ہی نہیں بنانی انہیں آباد بھی کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد کی تعمیر میں سابق رکن اسمبلی رئیس محبوب نے ایک کروڑ 14 لاکھ روپے جبکہ کہ رکن اسمبلی شیخ علاؤالدین نے 25 لاکھ روپے دیئے، اس کے علاوہ دیگر ارکان اسمبلی اور سٹاف نے بھی مالی معاونت کی۔ سپیکر نے کہا کہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمدخان بھٹی اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کیپٹن (ر) اسد نے شب و روز محنت کرکے یہ خوبصورت مسجد تعمیر کروائی۔ ایک سوال میں جب اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے کہا گیا آپ کچھ کہنا چاہیں گے تو انہوں نے کہا کہ جو سپیکر صاحب نے کہہ دیا ہے وہ کافی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری، وزیر قانون محمد بشارت راجہ، اپوزیشن لیڈر میاں حمزہ شہباز، ارکان اسمبلی مولانا الیاس چنیوٹی، سمیع اللہ خان، حسن مرتضی، سابق رکن اسمبلی رئیس محبوب، سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کیپٹن (ر) اسد بھی موجود تھے۔

