اوورسیز پاکستانی کورونا کی وجہ سے تباہ حال معیشت کو سہارا دے رہے ہیں: چودھری پرویزالٰہی

ڈنمارک، ناروے اور بارسلونا کیلئے فلائیٹ آپریشن اور میت فری لانے کی سہولت چودھری شجاعت حسین نے شروع کروائی تھی یہ سلسلہ بند نہیں کرنا چاہئے

پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت ہے: چیئر مین اوورسیز پاکستان کمیونٹی میاں طارق جاوید کی ملاقات

لاہور(28ستمبر2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سے چیئرمین پاکستان اوورسیز کمیونٹی میاں طارق جاوید نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل خاص کر پی آئی اے کی جانب سے ڈنمارک، ناورے اور بارسلونا کیلئے پروازیں بند کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں اور کورونا کی وجہ سے تباہ حال معیشت کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں لہٰذا ہمارا فرض بنتا ہے کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پی آئی اے کو خسارے کا سامنا ہے، ڈنمارک، ناروے اور بارسلونا کیلئے فلائیٹ آپریشن اور میت فری لانے کی سہولت چودھری شجاعت حسین نے شروع کروائی تھی ان ممالک میں لاکھوں پاکستانی آباد ہے اگر یہ سہولت بند ہو گئی تو قومی ایئر لائن کو مزید بھاری نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

Share