نوازشریف قومی اداروں کو بدنام کر کے انتشار کی سیاست کر رہے ہیں: کامل علی آغا
October 18, 2020
Featured, News, Urdu News
229 Views
سینیٹر کامل علی آغا کا گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں کارکنوں سے پرجوش خطاب، صوبائی تنظیم اور ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس میں تفصیلی انٹرویو کے بعد امیدواروں میں پارٹی ٹکٹ بھی تقسیم کئے
لاہور(18اکتوبر2020) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ نوازشریف قومی اداروں کو بدنام کر کے انتشار کی سیاست کر رہے ہیں، فوج مخالف بیانات دے کر نہ جانے وہ کس کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں، انہوں نے اپنے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور اب بھی اپنے کرتوتوں کی سزا پائی ہے۔ وہ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں پارٹی کارکنوں سے پرجوش خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ سیاست میں خدمت پر یقین رکھتی ہے، چودھری پرویزالٰہی نے اپنی وزارتِ اعلیٰ کے دوران صوبے کو ایسے منصوبے دئیے جن کا پہلے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ سینیٹر کامل علی آغا نے مسلم لیگ گلگت بلتستان کی صوبائی تنظیم اور ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں مولانا حسین احمد، صوبائی صدر اسد اللہ خان، جنرل سیکرٹری آصف احمد قریشی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مقبول ولی، قائم مقام سیکرٹری اطلاعات راشد علی انجم، سینئر نائب صدر دلفراز خان، نائب صدر حاجی مسرت ظفر غازی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیمی حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور الیکشن 2020 کیلئے تمام حلقوں کے امیدواروں کا تفصیلی انٹرویو لیا گیا جس کے بعدمتعدد حلقوں کے امیدواروں کے نام فائنل کر کے پارٹی ٹکٹ تقسیم کئے گئے۔ ان امیدواروں میں حلقہ جی بی ایل اے 2 سے ناصر جہاں میر، جی بی ایل اے 3 سے کیپٹن (ر) محمد شفیع خان، جی بی ایل اے 4 سے انجینئر ہدایت حسین میر، جی بی ایل اے 5 سے عامر حسین، جی بی ایل اے 6 سے سکندر احمد، جی بی ایل اے 8 سے مدثر حسین، جی بی ایل اے 10 سے وزیر اسحاق، جی بی ایل اے 12 سے شیخ حسن جوہری، جی بی ایل اے 14 سے فرید اللہ خان، جی بی ایل اے 15 سے عاشق اللہ، جی بی ایل اے 16 سے حاجی عبدالعزیز، جی بی ایل اے 19 سے سہیل احمد اور جی بی ایل اے 20 سے خان اکبر خان شامل ہیں۔ بقیہ امیدواروں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

