کسان مجبور ہو کر سڑکوں پر رل رہے ہیں، ان کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں: چودھری پرویزالٰہی کی ڈاکٹر افضل، احسان الحق چودھری اور سلیم بریار سے گفتگو

ملکی معیشت کو مضبوط کرنے والے اہم طبقہ کسان کی دادرسی کو یقینی بنایا جائے، قومی و سندھ اسمبلی میں کسانوں کے حق میں مثبت آواز کا آنا خوش آئند ہے

بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، عوامی خدمت کا مشن آگے بڑھانے والے نمائندوں کو سامنے لایا جائے

لاہور(04نومبر2020) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان مسلم لیگ کے ارکان پنجاب اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل، احسان الحق چودھری اور سینئر نائب صدر مسلم لیگ پنجاب چودھری سلیم بریار نے یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی اور موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال سمیت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کسان ہماری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، کسان مجبور ہو کر اپنے جائز حقوق کی منظوری کیلئے سڑکوں پر رل رہے ہیں ان کی داد رسی کیلئے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں کیونکہ معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے کسان کا بڑا اہم کردار ہے، قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں کسانوں کی ڈیمانڈ کے حوالے سے مثبت آواز کا بلند ہونا خوش آئند ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اس سلسلے میں جنرل سیکرٹری سینیٹرکامل علی آغا عوام دوست نمائندوں کے انٹرویو کر رہے ہیں، تمام ارکان اسمبلی اور عہدیدار کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کی مہم جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے حلقوں میں ایسے عوامی نمائندوں کو سامنے لائیں جو عوام کی خدمت کو اپنا مشن سمجھتے ہیں۔ ڈاکٹر افضل، احسان الحق اور چودھری سلیم بریار نے چودھری پرویزالٰہی کو کسانوں کو درپیش مسائل، بلدیاتی انتخابات کی تیاری، تنظیم سازی اور پارٹی امور کے متعلق آگاہ کیا۔

Share